Live Updates

23ستمبر کو پشتون ثقافت کا دن بھر پور انداز میں منایا جائیگا ، پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ

جمعرات 28 اگست 2025 23:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے صدر سیدشراف آغا کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری منان خان بڑیچ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی ایگزیکٹیوز کے تنظیمی فعالیت کی رپورٹس جمع کی گئی۔

اجلاس میں خیبر پشتونخوا میںحالیہ طوفانی بارشوں، کلائوڈ برسٹ ، لینڈسلائیڈنگ قدرتی آفت سے ہونیوالے نقصانات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پارٹی چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی ہدایت پرملک بھر کی طرح صوبہ جنوبی پشتونخوا کے ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر ، تحصیل سٹی ، تحصیل کچلاک اور تحصیل سریاب میں سیلاب زدگان کی مدد وامداد کے لیے کیمپ لگائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پارٹی ضلع ایگزیکٹیوز کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان کیمپ میں اپنی حاضری یقینی بناتے ہوئے عوام سے اس کار خیر میں تعاون کی اپیل کرے تاکہ شفافیت کے ساتھ جلد سے جلد خیبر پشتونخوا کے متاثرہ اضلاع وعلاقوں کے متاثرین کی مدد کی جاسکے۔ اجلاس میں 23ستمبر کو پشتون ثقافت کے عالمی دن کی مناسبت سے فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی ہر سال کی طرح بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ اس دن کو منائیگی اور چاروں تحصیلوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کلچر ڈے کے موقع پر آج سے ہی اپنی تیاریوں کا آغاز کرے اپنے روایتی ، ثقافتی اشیاء کی نمائش کے کیمپس لگائے جائینگے۔

اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے چاروں تحصیلوں میں جاری علاقائی یونٹس کے انتخابات (کانفرنسز) کو بھی زور غور لایا گیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ستمبر کے مہینے میں کانفرنسز کے شیڈول میں اضافہ کیا جائیگا تاکہ جلد سے جلد تمام تحصیلوں کے جمہوری انداز میں کانفرنسز مکمل ہوسکے اور اگلے مرحلے میں تحصیل کانفرنسز منعقد ہوں گے۔

اجلاس میںمختلف فیصلے کیے گئے اور یکم ستمبر بروز پیر کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ضلع کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں دیگر فیصلوں کو عملی جامع پہنایا جائیگا۔ اجلاس سے سید شراف آغانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بالخصوص کوئٹہ شہر اس وقت مسائلستان بن چکا ہے ، شہریوںکو انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات تعلیم ،صحت، بجلی ، گیس ، پینے کا صاف پانی، روزگار میسر نہیں۔

کرپشن وکمیشن کے باعث ہر ادارہ مفلوج ہوچکا ہے۔ عوامی خدمت پر مامور اداروں میں عوامی مسائل حل نہیں ہورہے ہیں جس کے باعث سائلین در پدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔ ہر دفترمیں کرپٹ آفیسران وعملہ شہریوں کے لیے خود ساختہ قوانین بنا کر ان کے مسائل میں اضافہ اور رکاوٹیں حائل کررہے ہیںجس کے باعث عوام کو سرکاری ملازمین ، دفاتر سے اعتماد ختم ہوتاجارہاہے۔

انہوںنے کہا کہ پولیس اور بالخصوص ٹریفک پولیس نے کوئٹہ شہر میں جو تماشہ شروع کیا ہے سینکڑوں لوگوں سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں روپے چالان وصول کرناظلم ہے غریب عوام کی کمر پہلے ہی مہنگائی سے ٹوٹ چکی ہے اور رہی سہی کسر ٹریفک پولیس نے پوری کردی ہے۔ آئے روز شہری اور ٹریفک پولیس کے اہلکار آپس میں دست وگریباں ہیں ۔ ہر شاہراہ پر سراپا احتجاج ہیں لیکن آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس اس کا کوئی نوٹس نہیں لے رہی جو کہ انتہائی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قوانین سب کے لیے لاگو ہونا چاہیے لیکن یہاں غریب طلباء ، مزدور ، ملازم، محنت کشوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جسکی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت اور جاری سلسلے کے فوری روک تھام کا مطالبہ کرتی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات