شاہ ولی اللہ جنیدی کی کتاب’’نان مسلم کرکٹرزآف کراچی‘‘ کی آرٹس کونسل میں رونمائی

جمعہ 29 اگست 2025 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ’’نان مسلم کرکٹرز آف کراچی‘‘ کے عنوان سے لکھی گئی کتاب کی تقریبِ رونمائی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد ہوئی۔ یہ کتاب معروف مصنف، صحافی اور کرکٹ کے شوقین شاہ ولی اللہ جنیدی نے تحریر کی ہے، جو انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں شائع کی گئی ہے۔ تقریب میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان ٹیم کے کپتان معین خان، بین الاقوامی کرکٹ کمنٹیٹر اور سینئر اسپورٹس جرنلسٹ قمر احمد، معروف دانشور اور ادیب خواجہ رضی حیدر سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے شاہ ولی اللہ جنیدی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب کرکٹ کے ادب میں ایک منفرد اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں غیر مسلم کھلاڑیوں نے کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے خواجہ رضی حیدر نے انکشاف کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کو کرکٹ سے گہرا شوق تھا اور وہ چاہتے تھے کہ پاکستان میں اس کھیل کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے شاہ ولی اللہ جنیدی کی اس کتاب کو پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ کے حوالے سے ایک اہم دستاویز قرار دیا۔ قمر احمد نے کتاب کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں کرکٹ اپنانے والے نوجوانوں میں غیر مسلم پیش پیش تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارسی، ہندو، عیسائی، سکھ، یہودی اور دیگر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے پاکستان کے موجودہ علاقوں میں کرکٹ کو فروغ دیا۔

انہوں نے خاص طور پر گلاب رائے رامچند کا ذکر کیا، جو ایک سندھی بولنے والے ہندو کرکٹر تھے، جن کا تعلق کراچی سے تھا۔ وہ نہ صرف آسٹریلیا کے دورے پر جانے والی بھارتی ٹیم کے کپتان رہے بلکہ 1975 کے پہلے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے منیجر کے فرائض بھی انجام دیے۔ قمر احمد نے 1960 کی دہائی میں اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں کئی نمایاں کھلاڑی اقلیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔

انہوں نے مصنف کی اس کوشش کو سراہا کہ انہوں نے ان کھلاڑیوں کی خدمات کو دستاویزی شکل میں محفوظ کیا جنہوں نے کراچی اور پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کیا۔سابق کپتان اور 1992 ورلڈ کپ کے فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر معین خان نے بھی شاہ ولی اللہ جنیدی کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قابل ستائش اور منفرد کام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مصنف آئندہ بھی کرکٹ کی تاریخ پر تحقیقاتی کام جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر شاہ ولی اللہ جنیدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ سے محبت اور اسپورٹس جرنلزم کا تجربہ اس کتاب کی تیاری کا محرک بنا۔ انہوں نے بتایا کہ سینئر اسپورٹس شخصیات سے گفتگو اور قمر احمد جیسے ماہرین کی رہنمائی سے یہ کتاب ممکن ہوئی۔سینئر صحافی مظہر عباس سمیت دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کا اختتام کتاب کی باضابطہ رونمائی پر ہوا، جس کا اہتمام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی اسپیشل ایونٹس کمیٹی نے کیا تھا۔ اس موقع پر مہمانوں کو گلدستے بھی پیش کیے گئے۔