ں*پلّین بلوچ کی زیر صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس

,اے پی پی میں 1.24 ارب روپے کی کرپشن بے نقاب کرنے پر کمیٹی کا ایم ڈی عاصم کھچی کو وسل بلوور قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا )کمیٹی اراکین کا ایم ڈی محمد عاصم کھچی کی دیانتداری کو سراہتے ہوئے شفافیت و احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کا اعادہ

جمعہ 29 اگست 2025 22:35

/&اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے اے پی پی کے ایم ڈی محمد عاصم کھچی کی ایمانداری اور جرات کو سراہا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس جمعہ کو رکن قومی اسمبلی پلّین بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی کی جانب سے ادارے میں کرپشن کے نیٹ ورک کی بے نقابی پر ان کی ایمانداری اور جرات کی بھرپور ستائش کی گئی۔

کمیٹی نے ایم ڈی اے پی پی کو بطور "وسل بلوور" خراجِ تحسین پیش کیا، اور ان کے کردار کو سراہا جنہوں نے ادارے کے اندر اربوں روپے کی کرپشن کو بے نقاب کیا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی کی جانب سے ادارے میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کا پردہ چاک کرنے پر ان کی ایمانداری، جرات اور پیشہ ورانہ دیانت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے انہیں باقاعدہ طور پر "وسل بلوور" قرار دیتے ہوئے ان کی کاوش کو ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیا۔یہ بات جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ کمیٹی اجلاس میں کہی گئی، جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی پلّین بلوچ نے کی۔ کمیٹی کے چیئرمین پلّین بلوچ نے احتساب کے عمل کو بلاوجہ طول نہ دینے پر زور دیتے ہوئے کمیٹی کی جانب سے لوٹے گئے عوامی فنڈز کی ریکوری اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے بھی ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی کی دیانت داری کو سراہا اور شفافیت و ادارہ جاتی احتساب کے لیے اپنی وزارت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔رکن کمیٹی کرن دار نے ایم ڈی اے پی پی کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی شفافیت میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔ ایم کیو ایم کے سید امین الحق نے استفسار کیا کہ کیا ایم ڈی کو کرپٹ مافیا سے دھمکیاں ملی ہیں انہوں نے اور دیگر اراکین نے ہر طرح کے دباؤ کے خلاف ایم ڈی اے پی پی کی جدوجہد میں غیر متزلزل تعاون کا عزم اظہار کیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا سے متعلق تمام اداروں میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جائے گا اور ایم ڈی اے پی پی کو ہدایت کی گئی کہ لوٹے گئے فنڈز کی بازیابی کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی نے بتایا کہ ادارے کی سطح پر انکوائری میں پی ایس ڈی پی فنڈڈ منصوبے میں 1.24 ارب روپے سے زائد کی خوردبرد سامنے آئی ہے۔

ملازمین سے متعلقہ اخراجات، جعلی بھرتیوں اور پروویڈنٹ فنڈ میں بھی بے ضابطگیاں پائی گئیں جس پر ایف آئی اے نے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، منیجرز اور کلریکل اسٹاف سمیت 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ایم ڈی اے پی پی نے بتایا کہ اے پی پی کے مختلف شعبوں کے افعال کے بارے میں بتایا کہ اے پی پی کی ویب سائٹ سے سالانہ 24 لاکھ روپے کی آمدن حاصل ہورہی ہے جس سے ادارے کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل آمدنی کی صلاحیت کی عکاسی ہوتی ہے۔

اے پی پی کی ویب سائٹ کو لوکل سرورپر منتقل کردیا گیا ہے جس سے سالانہ نو ہزار ڈالر کی بچت ہوگی، ویب سائٹ کے امپریشنز 85 ملین ریکارڈ کئے گئے، فیس بک پر فالورز کی تعداد 1 کروڑ 3 لاکھ، ٹک ٹاک پر 1 کروڑ، ایکس پر 15 لاکھ، انسٹاگرام پر 3 لاکھ 19 ہزار اور یوٹیوب پر ایک لاکھ 37 ہزار ہوچکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اے پی پی نے خبریں جاری کرنے اور انہیں ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کے اس تسلسل کو برقراررکھا ہے، روزانہ 350 سے 400 خبریں ویب پر شائع کی جاتی ہیں۔

11 غیر ملکی نیوز ایجنسیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے لئے کابینہ کی منظور ی کا انتظار ہے۔ ڈگری ویریفکیشن کمیٹی نے جانچ پڑتال کا عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے اور جعلی ڈگری رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ اسی طرح پنشنرز کے لیے ہر چھ ماہ بعد "لائف سرٹیفکیٹ’’جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ تین وفاقی بجٹ میں اعلان کردہ پنشن اضافے کو شامل کرنے کے لیے فنانس ڈویڑن کے سامنے 30 کروڑ روپے کا مطالبہ رکھا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آمدنی بڑھانے کے لیے متعدد حکمت عملیاں تیار کی گئی ہیں اور سالانہ 20 کروڑ روپے تک کی آمدنی متوقع ہے۔سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان ٹیلی ویڑن کارپوریشن (پی ٹی وی) میں آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں۔ پی ٹی وی ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 11 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے اور مزید 4.5 ارب روپے کے مطالبے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

مستقل، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں 25 جون تک ادا کر دی گئی ہیں۔ پریس انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) کے نمائندے نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ برس میں 6 ہزار 340 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 5 ہزار 435 نمٹا دی گئیں جبکہ 905 زیر التواء ہیں۔ 268 اپیلیں مختلف ہائی کورٹس میں سماعت کے مراحل میں ہیں۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کا کہنا تھا کہ 14 اگست کی تقریبات کو "معرکہ حق’’کی یادگار کے ساتھ منسلک کیا گیا۔

یوم ازادی کے موقع پر سرکاری اشتہار میں قائد اعظم کی تصویر نہ ہونے سے متعلق انہوں نے بتایا کہ او آئی سی کی اوور سائٹ امپلیمینٹیشن کمیٹی نے اپنی انکوائری مکمل کر لی ہے جس میں انکشاف ہوا کہ 14 اگست کے اشتہار کے منظور شدہ مواد میں قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر شامل نہیں تھی۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ ایڈورٹائزنگ ایجنسی نے اس کوتاہی کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی غلطی مان لی، تاہم کمیٹی نے قائداعظم کی اہمیت کے پیش نظر اس معذرت کو ناکافی قرار دیا۔

25-2024 کے اخبارات کے بقایا جات رواں سال ستمبر تک ادا کر دیے جائیں گے۔ اجلاس میں سینیٹر سحر کامران، امین الحق، عاصیہ ناز تنولی، رانا انصر، کرن ڈار، شاہین اور صلاح الدین جونیجو نے شرکت کی جبکہ مہتاب اکبر راشدی اجلاس میں آن لائن شریک ہوئی