عوام ووٹ کیا محض آواز اُٹھانے کیلئے دیتے ہیں؟ خواجہ آصف کی ویڈیو پر سوالات اُٹھ گئے

آوازیں تو اُن کی بھی نکل ہی جاتی ہیں جو اِن کھڈوں میں دھڑام سے گرتے ہیں، فارم پینتالیس کا رکن اسمبلی تو اتنا بے بس نہیں ہو سکتا؛ صحافی مطیع اللہ جان کی پوسٹ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 اگست 2025 13:24

عوام ووٹ کیا محض آواز اُٹھانے کیلئے دیتے ہیں؟ خواجہ آصف کی ویڈیو پر ..
سیالکوٹ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور ملک کے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو پر سوالات اٹھنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ یہ ایک پراجیکٹ ہے جس کا نام PICIIP ہے، سینکڑوں ڈالر کے ورلڈ بینک کے قرضے پر دو شہروں سیالکوٹ اور ساہیوال میں کئی سال سے کام ہو رہا ہے، کام کی کوالٹی کا آپ اس وڈیو سے اندازہ لگا لیں، یہ سیالکوٹ میں خادم علی روڈ ہے اور اس کے نیچے PICCIP کے ٹھیکدار نے پائپ ڈالے ہیں، اس سے باقی کام کی کوالٹی کا اندازہ لگا سکتے ہیں، شہر کے باہر ڈسپوزل بنی ہے لیکن سسٹم ابھی چالو نہیں، ٹھیکدار طاقتور ہے آپ اندازہ لگا لیں وہ ہماری پارلیمنٹ کے رکن بھی ہیں، دولت کی کوئی انتہا ہی نہیں شاید ہی کسی کا احتساب ہوسکے، میرا حلقہ ہے آواز اٹھانا فرض ہے۔

(جاری ہے)

وزیردفاع کی اس پوسٹ پر سوالات اٹھاتے ہوئے معروف صحافی مطیع اللہ جان نے کہا کہ اب ہمارے ملک میں وزیر دفاع سے زیادہ طاقتور اور وہ بھی محض ٹھیکیدار کون ہو سکتا ہے؟ بیچارے غریب اور کمزور لوگ اپنے لاکھوں ووٹ ایک سیاسی جماعت یا اُس کے سیاستدان کو محض آواز اُٹھانے کے لیے دیتے ہیں؟ آوازیں تو اُن کی بھی نکل ہی جاتی ہیں جو اِن کھڈوں میں دھڑام سے گرتے ہیں، فارم پینتالیس کا کوئی رکن اسمبلی تو اتنا بے بس نہیں ہو سکتا۔