ڈاکٹروں کو نوکری سے نکالنے کی دھمکی ڈکٹیٹر شپ کی بدترین مثال ہے ، ندیم اعوان

ہفتہ 30 اگست 2025 03:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے میئر کراچی مرتضی وہاب کی جانب سے ڈاکٹروں کو نوکری سے فارغ کرنے کی دھمکی کو ڈکٹیٹر شپ کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔احمد ندیم اعوان نے کہا کہ مسیحاں کو اس طرح دھمکیاں دینا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ بلکہ انتہائی شرمناک رویہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب خود حکومتی نمائندے اپنی تنخواہوں اور مراعات میں من چاہا اضافہ کرلیتے ہیں تو پھر ڈاکٹرز اور دیگر محکموں کے ملازمین کو طاقت کے ذریعے دبانا کہاں کا انصاف ہی کراچی صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے باعث شہر میں اندھیر نگری اور اقربا پروری کا راج ہے جہاں عام ملازمین کے مسائل سننے کے بجائے انہیں دھمکایا جاتا ہے۔ احمد ندیم اعوان نے زور دیا کہ میئر کراچی کو چاہیے کہ وہ دھمکی آمیز بیانات دینے کے بجائے ڈاکٹرز سے مذاکرات کے ذریعے ان کے جائز مطالبات حل کریں اور اس معزز پیشے کی تضحیک نہ کریں ۔