بزرگ قائد سید علی گیلانی کو ’’یوم شہادت‘‘ کے موقع پر خراج عقیدت

شہید رہنما کی زندگی بھر کی جدوجہد، ثابت قدمی اور کشمیر کاز سے غیر متزلزل وابستگی آزادی پسند کشمیریوں کیلئے مشعل راہ ہے

ہفتہ 30 اگست 2025 13:01

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے بزرگ حریت قائد سید علی شاہ گیلانی کو ان کے یوم شہادت کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما کی زندگی بھر کی جدوجہد، ثابت قدمی اور کشمیر کاز سے غیر متزلزل وابستگی آزادی پسند کشمیریوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ’’ ڈی ایف پی ‘‘کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی تنازعہ کشمیر کے بارے میں اپنے موقف پر پوری زندگی ایک چٹان کی طرح ڈٹے رہے ، تحریک آزادی میں ایک لازوال کردار پر کشمیر کی تاریخ میں انکا ذکر سنہری حروف سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک نڈر رہنما تھے جو مکار دشمن کیساتھ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کرنے کے بجائے محکوم لوگوں کی ایک جاندار آواز بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے شہید رہنما کی رات کی تاریکی میں خفیہ تدفین کی اور ان کے لاکھوں چاہنے والوں کو انکے جنازے سے دو ر رکھا ۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام سید علی گیلانی اور دیگر لاکھوں کشمیری شہداء کے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔دریں اثنا، ڈی ایف پی کے ترجمان نے پارٹی کے زیر حراست چیئرمین شبیر احمد شاہ اور بھارتی جیلوں میں بند دیگر کشمیریوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا موثر نوٹس لیں اور تما م کشمیری سیاسی نظر بندوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

حریت رہنما پیرزادہ عطا اللہ نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ قائد پوری زندگی انتہائی عزم و حوصلے سے جموںوکشمیر کی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجدہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی دل کی گہرائیوں سے پاکستان کے ساتھ محبت کرتے تھے، وہ جموںوکشمیر کا پاکستان سے الحاق چاہتے تھے اور انکا کا دیا ہوا’’ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ کا نعرہ آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے اپنی پوری زندگی جابرانہ بھارتی تسلط کے خلاف مزاحمت میں گزاری اور اپنے اصولی مؤقف سے کبھی انحراف نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک فردکا نام نہیں بلکہ جہدِ مسلسل، ایک تحریک، ایک عہد، یقینِ محکم، ایک انقلاب، ایک امید اور ایک روشنی کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیلانی کا کردار تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اپنی سیاسی بصیرت بلکہ اپنے عملی کردار سے یہ ثابت کیا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کوئی وقتی یا جذباتی نعرہ نہیں بلکہ ایک ناقابلِ تسخیر حقیقت ہے۔ شہید کی قربانیاں اور ان کا عزم آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔یاد رہے کہ سید علی گیلانی نے یکم ستمبر2021 کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ میں بھارتی پولیس کی حراست کے دوران شہادت پائی تھی جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل نظربند رکھا گیاتھا۔

بھارتی فورسز اہلکاروںنے سیدعلی گیلانی کی وصیت کے برعکس رات کی تاریکی میں انکی میت قبضے میں لیکر حیدر پورہ کے قبرستان میں انکی زبردستی تدفین کردی تھی جبکہ بزرگ قائد نے عید گاہ مزار شہداء میں تدفین کی وصیت کر رکھی تھی۔