ؒپاکستان اور چین کی ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد،مفاد اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر قائم ہے، اسحاق ڈار

ہفتہ 30 اگست 2025 18:25

؂اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر قائم ہے۔ سلامتی، تجارت، توانائی اور روابط کے شعبوں میں ایس سی او کا کردار کلیدی ہے اور آج کی کثیر قطبی دنیا میں اس کی اہمیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔

۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تیانجن اور بیجنگ میں منعقدہ اہم اجلاسوں میں بھرپور شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گلوبل ساؤتھ وائسز پروگرام میں اپنا مؤقف پیش کیا اور پاکطچین تعلقات کی گہرائی کے ساتھ ساتھ خطے کے لیے ایس سی او کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر قائم ہے۔ ہم چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے جیسے وڑنری اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ ترقی، سلامتی اور تہذیبی ہم آہنگی پر مبنی اقدامات آج دنیا کی معیشتوں کو نئی جہت دے رہے ہیں، اور ان میں ایس سی او ایک مضبوط پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی، تجارت، توانائی اور روابط کے شعبوں میں ایس سی او کا کردار کلیدی ہے اور آج کی کثیر قطبی دنیا میں اس کی اہمیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔اسحاق ڈار نے چین کو سربراہی اجلاس کی میزبانی پر کامیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی قیادت اور دیگر رکن ممالک کے سربراہان سے تعمیری ملاقاتوں کا منتظر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اجلاس نہ صرف علاقائی تعاون کو فروغ دیں گے بلکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مؤثر ثابت ہوں گے۔