ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور پپری میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری

اتوار 31 اگست 2025 10:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) ڈی پی ورلڈ/ نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور پاکستان ریلوے کے اشتراک سے ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور پپری منصوبے کی تعمیر کا آغاز 20 ملین امریکی ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے ہوگا جو بعد ازاں 400 ملین ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔

(جاری ہے)

این ایل سی کے مطابق منصوبہ کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی معاملات کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ منصوبے کی ٹرم شیٹ پر جنوری 2025 میں ڈی پی ورلڈ / این ایل سی اور پاکستان ریلوے کے درمیان دستخط کئے گئے تھے۔واضح رہے کہ منصوبے کی تکمیل سے بندرگاہوں پر رش میں نمایاں طور پر کمی واقع ہو گی، تجارتی سہولت کاری میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کا لاجسٹکس ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار ہو گا جس سے درآمدات، برآمدات اور مجموعی معاشی سرگرمی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔