سوڈان کے منحرف فوجی کمانڈر حمیدتی نے ملک میں متوازی حکومت کے قیام کا اعلان

آر ایس ایف کے سربراہ جنرل حمیدتی نے طویل جنگ کے دوران پہلی بار صدراتی کونسل قائم کرنے کا اعلان کیا

اتوار 31 اگست 2025 12:40

خرطوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)سوڈان کی منحرف ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی نے ایک صدراتی کونسل کے قیام کا اعلان کیا ہے۔بیان کے مطابق حمیدتی نے نیالا شہر میں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔نیالا دارفور کے علاقے میں واقع سوڈان کے بڑے شہروں میں سے ایک ہے اور فورسز سپورٹ کے حقیقی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔

یہاں حمیدتی نے وزیراعظم اور صدراتی کونسل کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

اگرچہ ریپڈ سپورٹ فورسز دارفور کے بیشتر علاقوں پر قابض ہے وہ شہر الفاشر پر قبضہ کے لیے فوج اور اس کے حلیفوں سے سخت لڑائی کر رہی ہے، جو تاریخی طور پر اس علاقے کی دارالحکومت ہے۔سوڈانی فورسز نے وہاں لاکھوں شہریوں کو 500 دن سے محاصرہ میں رکھا ہواہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو بقا کے لیے جانوروں کا چارہ کھانے پر مجبور ہونا پڑا۔ اطلاعات ہیں کہ لاکھوں افراد بدترین قحط سے دوچار ہیں اور وہ متحارب فورسز کی جنگ میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے پچھلے ہفتے کہا کہ فضائی حملوں، توپ خانے کی گولہ باری اور زمینی حملوں کے نتیجے میں ہزاروں بچے ہلاک یا معذور ہو چکے ہیں۔