زمینی حقائق بھارت کے مبالغہ آمیز دعوے کی قلعی کھول دیتے ہیں

جعلی میڈیا بیانیے اور چوری شدہ ووٹوں کی بنیاد پر حکومت کا احتساب کرنے کا وقت قریب آ رہا ہے

اتوار 31 اگست 2025 14:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء) مئی 2025کے فضائی حملوں کے بعد پاکستان پر غلبہ حاصل کرنے کا بھارت کا تازہ پروپیگنڈا انتخابی بیان بازی کے سوا کچھ نہیں ہے کیونکہ زمینی حقائق نئی دہلی کے مبالغہ آمیز دعوئوں کی قلعی کھول دیتے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ایئر مارشل تیواری کا یہ دعویٰ کہ آپریشن سندورمیں50سے کم ہتھیار فائر کیے جانے کے بعد پاکستان نے جنگ بندی کی درخواست کی، گمراہ کن ہے اور اس کا مقصد بہار کے انتخابات سے قبل حکمران جماعت بی جے پی کی ساکھ کو بحال کرنا ہے۔

حقیقت میں پاکستان نے نہ صرف اپنی فضائی حدود کا دفاع کیا بلکہ ایک بھی طیارہ کھوئے بغیر چھ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے جس سے بھارت کی نام نہاد فوجی کامیابی کے کھوکھلے پن کا پردہ فاش ہو گیا۔

(جاری ہے)

ووٹ چوری کے ذریعے ایک دہائی سے زائد عرصے سے خود کو بھارت پر مسلط کرنے والی مودی حکومت پر سیاسی دبا ئوبڑھ رہا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ جعلی میڈیا بیانیے اور چوری شدہ ووٹوں کی بنیاد پر حکومت کا احتساب کرنے کا وقت قریب آ رہا ہے۔

بی جے پی کی انتخابی دھاندلی کے خلاف عوامی مزاحمت تیز ہوتی جا رہی ہے اور بھارتی انتخابات میں ہیراپھیری کے دن گنے جاچکے ہیں۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے واضح کیا ہے کہ وہ بہار کے آئندہ انتخابات میں ایک بھی ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے درست حملوں اور شہری نقصان نہ ہونے کے بار بار کے دعوے کھوکھلے ہیں کیونکہ اس کی کارروائیوں سے عام شہریوں کو نقصان پہنچ رہا ہے خاص طور پرمقبوضہ جموں و کشمیر میں جہاں فوجی کارروائیوں میں آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنانا ایک معمول ہے۔

جبکہ پاکستان نے مکمل تحمل کا مظاہرہ کیا اور شہریوں کو نقصان پہنچانے سے گریز کیا، اس نے امن اور بات چیت کے اپنے مستقل مطالبے پر زور دیا۔تجزیہ کاروں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دہشت گردی سے جوڑ کر اسے بدنام کرنے کے لیے جھوٹا بیانیہ بنارہاہے۔