کسی طرح کے غیر معمولی حالات میں بھی بار زکے انتخابات میں تعطل نہیں آیا ‘ چودھری محمد اشفاق کہوٹ

امیدواروں پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی لازم ،خلاف ورزی پر مس کنڈکٹ کی کارروائی ہو گی ‘ وائس چیئرمین پنجاب بار

اتوار 31 اگست 2025 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ نے کہا ہے کہ وکلاء جمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار ہیں اور کسی بھی طرح کے غیر معمولی حالات کے باوجود انتخابات کا بر وقت انعقاد اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ،پنجاب بار کے انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ضابطہ اخلاق کے ہر ایک نقطے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بار کے انتخابات میں امیدواروں پر ہر صورت10اے کا اطلاق کیا گیا ہے ،کسی امیدوار نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی توبلا امتیاز 10بی کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کا پہلا نتیجہ آچکا ہے ،فون پر ووٹ خریدنے والے وکیل کا لائسنس معطل کرکے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور مزید انضباطی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو بلا کر ان سے قانون کی حکمرانی کی پاسداری اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کی درخواست کی ،اس اجلاس میں ریٹرننگ آفیسر امجد پرویز ایڈووکیٹ جنرل آف پنجاب،چیئرمین ایگزیکٹوکمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیع اللہ ناگرہ سمیت پنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ بارز کے صدور،جنرل سیکرٹریزاور امیدوار بھی شامل تھے جس میں واضح کر دیا گیا تھا کہ پاکستان لیگل پریکسٹیشنرز اینڈ بارکونسلزرولز1976 کے رولزپر عملدرآمد کو پنجاب بار کونسل کے الیکشن 2025کے دوران یقینی بنایا جائے گا۔

غیر وکلاء کے مقامات یا فارم ہاوسزپر اعلانات پر پابندی ہے ،کسی روڑ یامقام پر بل بورڈ،ہورڈنگز،فلیکس لگانے سمیت ہر قسم کی اشتہار بازی پر پابندی لگا دی گئی ہے ،10اے کا اطلاق سب پر لازم ہے،خلاف ورزی کو مس کنڈکٹ سمجھا جائے گا اور 10بی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔