قائد حریت سید علی گیلانی کو خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے مظفر آباد میں شاندار ریلی

پیر 1 ستمبر 2025 14:48

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)قائد حریت سید علی گیلانی کو ان کی چوتھی برسی پر خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے مظفر آباد میں ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیاگیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی کے شرکاء نے سید علی گیلانی کی تصاویر والے پوسٹر اور بینرز اٹھا رکھے تھے اوروہ’’پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ‘‘،’’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘‘ اور’’گیلانی تیرا قافلہ رکا نہیں جھکا نہیں‘‘جیسے نعرے لگارہے تھے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام ریلی کی قیادت قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر ، چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، حریت رہنما مشتاق احمد بٹ،ایڈوکیٹ محمد نور اللہ قریشی اوردیگرکر رہے تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بابائے حریت سید علی گیلانی شہید اسلام کے عظیم اور سچے سپاہی تھے جنہوں نے زندگی بھر بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد کی۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام سید علی گیلانی شہید کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام آزادی کے حصول تک سید علی گیلانی اوردیگر شہدا ء کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔ مقررین نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدمیں مضمر ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت ظلم و استبداد سے کشمیری عوام کی آواز نہیں دبا سکتا۔ مقررین نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کا سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی پشتبان ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی مظالم اور بربریت کے باوجود آزادی کے مطالبے پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کا واضح حل پیش کرتی ہیں۔