Live Updates

ا*وائلڈ لائف رینجرز کی سیلاب ریلیف سرگرمیاں اور بٹیر اسمگلنگ ناکام

ٍتونسہ میں 400 زندہ بٹیر برآمد، سیلاب متاثرین کی ریسکیو سرگرمیوں میں بھی مصروف،ترجمان

پیر 1 ستمبر 2025 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبے بھر میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی قیادت میں وائلڈ لائف رینجرز سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کے تحفظ میں بھی سرگرم ہیں۔گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سخی محمد جوئیہ، اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سدرہ المنتہیٰ اور سینئر رینجر شاہوار بشیر نے کارروائی کرتے ہوئے رکھنی بلوچستان سے پشاور جانے والی ایک بس کو تونسہ کے مقام پر روک کر تلاشی لی۔

اس دوران 400 زندہ بٹیر برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی اور ملزم کے خلاف چالان درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

مزید برآں ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور سے بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ کے 13 گیئرز بھی برآمد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران شکاریوں نے رینجرز پر فائرنگ کی تاہم ایک ملزم کو گرفتار کر کے تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا، جبکہ 15 ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان اور سوا لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔

دوسری جانب وائلڈ لائف رینجرز صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ محکمہ کے قائم کردہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرہ افراد کو کشتیوں اور ٹرانسپورٹ کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ خوراک اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات