صدر ٹرمپ نے محصولات ختم کرنے کی بھارت کی پیش کش مسترد کر دی

پیر 1 ستمبر 2025 22:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) امریکی ڈونلڈ صدر ٹرمپ نے بھارت کی امریکی مصنوعات پر ٹیرف ختم کرنے کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔ انھوں نے کہا اب بہت دیر ہوچکی بھارت کو ایسا کئی سال قبل کرنا چاہیے تھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ بھارت نے امریکا پر دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ محصولات عائد کر رکھے ہیں، بھارت کے زائد محصولات کی وجہ سے امریکی کمپنیاں بھارت میں اپنی مصنوعات فروخت نہیں کرپاتیں۔

انہوں نے کہا بھارت اپنا زیادہ تر تیل اور فوجی ساز و سامان روس سے خریدتا ہے، امریکا سے یہ چیزیں بہت کم خریدتا ہے۔انھوں نے کہا کہ دوسری طرف بھارت امریکا کو بڑی مقدار میں سامان فروخت کرتا ہے، امریکا بھارت کا سب سے بڑا خریداررہا ہے اور یک طرفہ تجارتی تعلق کی یہ یک طرفہ تباہی کئی دہائیوں سے چلی آرہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ محصولات صفر کرنے کی تجویز اب بے وقت ہے، یہ اقدام برسوں پہلے ہونا چاہیے تھا۔

صدر ٹرمپ نے کہاکہ کئی دہائیوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات یک طرفہ رہے ہیں اور بھارت نے امریکا پر سب سے زیادہ محصولات عائد کیے ہیں، جس کے باعث امریکی کمپنیوں کو بھارتی مارکیٹ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ صورتِحال امریکا کے لیے مکمل طور پر نقصان دہ ثابت ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ صدر ٹرمپ نے روس سے تیل کی درآمد جاری رکھنے پر بھارت پر ٹیرف25فیصد سے بڑھا کر 50فیصد کردیاتھا۔