Live Updates

راولپنڈی میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے فلڈ ریلیف کیمپس قائم

منگل 2 ستمبر 2025 17:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال ڈویژن راولپنڈی محمد شاہد رانا اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال راولپنڈی رخسانہ مظہر اعوان کی نگرانی میں مختلف سماجی تنظیموں کے تعاون سے شہر بھر میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں فاروق اعظم ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے شمس آباد راولپنڈی، حسنہ ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے ڈھوک کھبہ راولپنڈی جبکہ الفیض فاؤنڈیشن کی جانب سے کمرشل مارکیٹ راولپنڈی میں دو مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں سے امدادی سامان اکٹھا کر کے متاثرہ علاقوں تک پہنچانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، دیگر فلاحی تنظیمیں بھی ڈپٹی ڈائریکٹر آفس سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں قائم مرکزی فلڈ ریلیف کیمپ میں امدادی سامان فراہم کر رہی ہیں تاکہ فوری طور پر سیلاب زدگان تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔

راولپنڈی کی سماجی تنظیمیں نہ صرف مقامی سطح پر سرگرم ہیں بلکہ ملک کے دیگر متاثرہ علاقوں تک بھی امدادی سرگرمیاں پھیلا رہی ہیں۔ لائف سیورز آرگنائزیشن اور قوس قزح آرگنائزیشن کی جانب سے ضلع سیالکوٹ اور پاکستان کے دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے جہاں متاثرین کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، ادویات فراہم کی گئیں اور ضرورت مند خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے۔سماجی تنظیموں اور حکومتی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے راولپنڈی میں جاری یہ ریلیف سرگرمیاں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام اپنے متاثرہ ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑ رہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات