Live Updates

مقبوضہ جموںوکشمیر: خراب موسمی صورتحال کے باعث بدھ کو تمام سکول ، کالج بند رہے

شدید بارش کی وجہ سے 30 ستمبر تک جموں اور کٹرا اسٹیشنوں سے آنے والی اور جانے والی 68 ٹرینیں منسوخ کردی گئی

بدھ 3 ستمبر 2025 14:20

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انتہائی خراب موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر کشمیر ڈویژن کے تمام سکول اور کالج 3 ستمبربروز بدھ کو بند رہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈویژنل کمشنر کشمیرکی طرف سے اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میںکہا گیا ہے یہ فیصلہ طلباء اور عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔

یہ بندش سرکاری اور نجی اداروں دونوں پر لاگو ہوگی ۔حکام نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 2 اور 3 ستمبر کی درمیانی رات کے دوران راجوری ضلع کے سندر بنی علاقے میں زبردست بارش کے باعث ایک گھر کی دیوار گرنے سے ایک خاتون اور اس کی بیٹی کی جانیں ضائع ہو گئیں۔

(جاری ہے)

مرنے والوں کی شناخت سیتا دیوی اور اس کی بیٹی سونیا رتن لال کے طور پر ہوئی ہے ۔

دریں اثنا، شدید بارش کی وجہ سے 30 ستمبر تک جموں اور کٹرا اسٹیشنوں سے آنے والی اور جانے والی 68 ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ جموں ڈویڑن میں پچھلے آٹھ دنوں سے مسلسل بارشوں اور سیلاب نے ریل ٹریفک کو درہم برہم کر دیا ہے، جس کی وجہ سے پٹھان کوٹ-جموں سیکشن سمیت متعدد مقامات پر پٹڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔مقبوضہ علاقے میں 26 اگست سے جاری شدید بارشوں سے ہزاروں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی کے مزار کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 34 ہندو یاتری ہلاک ہوگئے تھے۔ 26اگست سے اب تک خطے میں 380 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو 1910 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات