فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج مظفر آباد میں ویمن سافٹ ویئر پارک کا افتتاح

بدھ 3 ستمبر 2025 18:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمراحمد شاہ نے فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج مظفراباد میں پاکستان کے پہلے ویمن سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر وزیراعظم کی کوارڈینیٹر محترمہ آسیہ اندرابی، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد کشمیر راشد حنیف، اسٹیشن کمانڈر مظفراباد، سیکٹر کمانڈر ایس سی او ازاد کشمیر، ڈی پی ائی کالجز، کمانڈنگ افیسر 61 سگنل بٹالین، پرنسپل فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، ایم ڈی مون کرییشنز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ایس سی او کایہ سنگِ میل منصوبہ آزاد جموں و کشمیر میں مجوزہ 11 ٹیکنالوجی پارکس میں سے آٹھویں پارک کی تکمیل ہے جو خطے میں ڈیجیٹل اور شمولیتی ماحول قائم کرنے کے لیے ایس سی او کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

خواتین کے لیے مخصوص یہ پارک جدید، محفوظ اور مکمل سہولیات سے آراستہ ورک اسپیس فراہم کرتا ہے جہاں فری لانسرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور خواتین کاروباری حضرات اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔

اس اقدام کے ذریعے خواتین کو روزگار، کاروباری مواقع اور ہنر سازی کے مواقع میسر آئیں گے جس سے آزاد کشمیر میں خواتین کی سماجی و معاشی بااختیاری ممکن ہو گی۔ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے وقف ٹیکنالوجی پارک کا قیام ایس سی او کے وژن 2025 کی عکاسی کرتا ہے جو کہ ٹیکنالوجی میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے اور نوجوانوں خصوصاً خواتین کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

آئی ٹی وژن 2025 کے تحت، اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) نے گزشتہ 20 ماہ میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 17 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور 76 فری لانسنگ ہبز قائم کیے ہیں۔ اس اقدام کے نتیجے میں 7000 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور 1500 سے زیادہ فری لانسرز کو بااختیار بنایا گیا ہے۔ ڈی جی ایس سی او نے کہا کہ ایس سی او کے زیر اہتمام ستمبر 2025 تک 100 مراکز قائم کر کے آئی ٹی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔مظفرآباد میں خواتین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا مقصد ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنا، خواتین کے زیر قیادت اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو مضبوط بنانا ہے تاکہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔