ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جرمن تاریخ دان اور سیاح ارسلا پرلویٹز کے ساتھ تعمیری نشست اور آرٹ نمائش کا اہتمام

جمعرات 4 ستمبر 2025 00:50

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے نے بدھ کے روز ممتاز جرمن تاریخ دان اور سیاح ارسلا پرلویٹز کے ساتھ تعمیری نشست کا اہتمام کیا۔23 مئی 1934 کو ہیمبرگ میں پیدا ہونے والی محترمہ پرلویِٹز 1963 سے 1968 تک اپنے شوہر کی لفتھانزا میں تعیناتی کے دوران کراچی میں مقیم رہیں۔ آثار قدیمہ اور زبانوں کے شوق کے ساتھ انہوں نے یورپ، افریقہ اور ایشیا میں بڑے پیمانے پر سفر کئے۔

نشست کی نظامت ڈاکٹر صبا کریم خان، نیویارک یونیورسٹی ابوظہبی نے کی۔ تقریب میں مختلف مشنز کے سفیروں،سفارت کاروں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اپنے تبصروں میں محترمہ پرلویٹز نے پاکستان کے تمام حصوں بشمول لاہور، اسلام آباد، پشاور، خوبصورت شمالی علاقہ جات اور سابق مشرقی پاکستان کے وسیع سفر پر روشنی ڈالی اورپاکستان میں گزارے ہوئے لمحات کو یاد کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مغل آرٹ کے ساتھ اپنی دلچسپی، اس کی چھوٹی پینٹنگز کے مجموعے اور موہنجو داڑو اور ہڑپہ جیسے تاریخی مقامات کے دورے کے بارے میں بھی بتایا۔ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وہاں جانے کی شوقین تھی ، بہت خوش تھی اور مجھے یہ سب بہت پسند تھا۔ پاکستان کی ثقافت، کھانوں اور مضبوط خواتین نے مجھ پر گہرا اثر چھوڑا، پاکستان زندہ باد۔

انٹرایکٹو بحث کے دوران انہوں نے سوالات کے جوابات دیے اور جلد ہی دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے محترمہ پرلویٹز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے پاکستان کے بارے میں اپنے بھرپور تجربات اور یادیں شیئر کیں،آپ کی گفتگو کی خوبصورتی، آپ کی خوشی اور مہربانی کی عکاسی کرتی ہے جو آپ نے پاکستان میں پائی، میں آپ کو ایک کتاب لکھنے کی ترغیب دوں گا، کیونکہ آپ کی یادیں اور 1960 کی دہائی سے آپ کی تصاویر کا منفرد مجموعہ پاکستان کی تاریخ کے ایک دلچسپ باب اور ملک کے ساتھ آپ کے قریبی تعلق کو محفوظ کرتا ہے۔

گفتگو کے بعد سفارت خانے میں ایک آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی آرٹسٹ تحسین بدر کے فن پاروں کی نمائش کی گئی، جس کا پورٹ فولیو علامتی اور ثقافتی موضوعات، مناظر، خطاطی اور پورٹریٹ پر محیط ہے۔ نمائش کے دوران محترمہ صائمہ فرقان اور ڈاکٹر رابعہ شیخ کے فن پارے بھی نمائش کیلئے پیش کئے گئے۔ پاکستانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ میں نے تحسین بدر کے فن کو دلکش اور متاثر کن پایا، پاکستانی فن اور ثقافت میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں اور سفارت خانے میں ہم اپنے فنکاروں اور ان کے کاموں کو پیش کرنے اور ان کی تشہیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔