Live Updates

پنجاب میں تباہ کن سیلاب؛ متاثرین کی تعداد 35 لاکھ تک جا پہنچی‘ 46اموات‘ 4 ہزار بستیاں ڈوب گئیں

سدھنائی کے مقام پر راوی کا پانی چناب میں جانے کی بجائے واپس آنے لگا، قادر آباد کے مقام پر چناب کا پانی دوبارہ متاثرہ علاقوں میں جائے گا جو جھنگ پہنچنے پر پریشانی کا سبب بنے گا؛ ڈی جی پی ڈی ایم اے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 10:44

پنجاب میں تباہ کن سیلاب؛  متاثرین کی تعداد 35 لاکھ  تک جا پہنچی‘ 46اموات‘ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) صوبہ پنجاب میں سیلاب سے اموات کی تعداد 46 ہوگئی جہاں متاثر عوام کی تعداد 35 لاکھ تک جا پہنچی اور 4 ہزار بستیاں ڈوب گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے بتایا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے اموات کی تعداد 46 تک پہنچ گئی جہاں سیلاب سے اب تک 35 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، پنجاب کی وجہ سے 4 ہزار کے قریب بستیاں ڈوب گئی ہیں وہاں سے 15 لاکھ کے قریب افراد کو ریسکیو کیا گیا، ریلیف کیمپس میں 25 سے 30 ہزار لوگ موجود ہیں، 10 لاکھ سے زائد جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سدھنائی کے مقام پر راوی کا پانی چناب میں جانے کی بجائے واپس آرہا ہے، جب تک چناب میں پانی کم نہیں ہوگا اس وقت تک راوی کا پانی چناب میں شامل نہیں ہوگا جب کہ قادر آباد کے مقام پر چناب کا پانی دوبارہ متاثرہ علاقوں میں جائے گا، جھنگ پہنچنے پر چناب کا پانی مزید پریشانی کا سبب بنے گا، 9 لاکھ کیوسک کا یہ ریلا 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب سندھ میں داخل ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مون سون کے زور دار سپیل سے گجرات میں 577 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے شہر ا بیشتر حصہ ڈوب گیا، اربن فلڈنگ سے شہر میں جہاں دیکھو پانی ہی پانی دکھائی دیتا ہے اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، بارشی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے قیمتی سامان تباہ ہوگیا، موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بھی بپھر گئے اور درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔

بتایا جارہا ہے کہ شکر گڑھ اور ظفروال میں بھی بادل جم کر برسے جس کی وجہ سے نشیبی علاقے ڈوب گئے، ان شہروں کے نواحی علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی، سیلابی ریلے سے ندی کا پل بہہ گیا، متعدد دیہات کا رابطہ کٹ گی،۔ پنجاب میں 5 ستمبر تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان بڑھ چکا ہے، خانپور ڈیم میں پانی کی سطح مقررہ حد سے تجاوز کرگئی جس کے باعث سپیل ویز کھول دیئے گئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات