Live Updates

پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں ’کلینک آن بَوٹس‘ سروس متعارف‘ درجنوں کشتیاں موبائل ہسپتال میں تبدیل

ان علاقوں میں 968 کلینک آن ویل اور میڈیکل ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں‘ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین بالخصوص خواتین اور بچوں کے علاج کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے؛ حکومتی اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 11:48

پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں ’کلینک آن بَوٹس‘ سروس متعارف‘ درجنوں ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ’کلینک آن بَوٹس‘ سروس شروع کردی گئی۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ’کلینک آن بوٹس‘ یعنی کشتیوں پر بنائے گئے ہسپتال متعارف کرائے گئے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر یہ اقدام سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے اُٹھایا گیا، پنجاب ہیلتھ ٹیم اس وقت صوبے بھر کے متاثرہ علاقوں میں مصروفِ عمل ہے جہاں فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین، بالخصوص خواتین اور بچوں کے علاج کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

حکومتی اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے درجنوں کشتیوں کو موبائل ہسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے، صوبے کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں خواتین اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے مربوط اور منظم پروگرام شروع کیے گئے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ان علاقوں میں 968 کلینک آن ویل اور میڈیکل ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں مکمل طبی عملہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حاملہ خواتین کے معائنے کے لیے لیڈی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ ہر کیمپ میں تعینات ہے، ان خواتین کو ملٹی ویٹامن، سینٹری کٹس اور دیگر ضروری سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے، کسی بھی ہنگامی حالت میں متاثرہ خواتین کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے لیے رورل ایمبولینس سروسز بھی موجود ہیں، علاج معالجے کی سہولیات صرف خواتین تک محدود نہیں بلکہ بچوں کے لیے بھی ہر کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز روزانہ دورے کر رہے ہیں، نومولود بچوں کی روٹین ویکسی نیشن کا باقاعدہ انتظام کیا گیا ہے تاکہ وبائی امراض سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

بتایا جارہا ہے کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں جلدی بیماریوں، پیٹ کی خرابی، ہیضہ اور ملیریا جیسے امراض کے علاج کے لیے خصوصی ادویات، او آر ایس، اینٹی بائیوٹک اور دیگر ضروری دوائیں موجود ہیں، حکومت نے غذائی قلت کا شکار بچوں کی سکریننگ اور فوری علاج کا بھی بندوبست کر رکھا ہے تاکہ ان کی صحت کو لاحق خطرات کا بروقت تدارک ممکن ہو، متاثرہ علاقوں میں موجود عوام نے حکومتِ پنجاب، پاک فوج، اور ہیلتھ ٹیم کی ان کوششوں کو سراہا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات