سفارتی تعلقات کا فروغ کسی ملک کی مخالفت یا دشمنی نہیں، چین نے سازش کا امریکی الزام مسترد کردیا

ماضی، حال یا مستقبل جو بھی ہو چین ہمیشہ سے عالمی امن کے لیے ایک مضبوط قوت رہا ہے؛ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا ردعمل

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 15:32

سفارتی تعلقات کا فروغ کسی ملک کی مخالفت یا دشمنی نہیں، چین نے سازش کا ..
بیجنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) چین کی طرف سے امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کا سازش کا الزام مسترد کردیا گیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ گو جیاکن نے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کی یادگاری تقریب میں روس اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کو بلانا امریکہ کے خلاف سازش نہیں، غیر ملکی مہمانوں کو دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے کے 80 سال مکمل ہونے پر مدعو کیا گیا تھا، یہ دعوت اس لیے دی گئی تھی کہ امن پسند ممالک اور اقوام کے ساتھ مل کر تاریخ کو یاد کیا جائے، شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے، امن کو عزیز رکھا جائے اور مستقبل تخلیق کیا جائے، چین کے کسی بھی ملک سے تعلقات کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہوتے، ماضی، حال یا مستقبل جو بھی ہو چین ہمیشہ سے عالمی امن کے لیے ایک مضبوط قوت رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسی معاملے پر یورپی یونین کی اعلیٰ اہلکار کے بیانات پر چینی ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین کی اعلیٰ اہلکار کے بیانات نظریاتی تعصب سے بھرے ہوئے ہیں، بنیادی تاریخی علم سے خالی ہیں، اور کھلے عام محاذ آرائی اور تنازع کو ہوا دیتے ہیں، ایسے بیانات انتہائی گمراہ کن اور بالکل غیر ذمہ دارانہ ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ لوگ کنویں کے مینڈک جیسا تعصب اور تکبر ترک کریں گے، اور ایسے مزید اقدامات کریں گے جو دنیا میں امن و استحکام اور چین-یورپ تعلقات کے لیے سازگار ہوں۔

خیال رہے کہ بیجنگ میں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے 80 سال مکمل ہونے کی یاد میں پریڈ کا انعقاد کیا گیا اس بڑی پریڈ کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ کھڑے تھے، ایک غیرمعمولی منظر میں صدر شی نے دونوں راہنماﺅں سے مصافحہ کیا اور تیانمن سکوائر پر بچھے ہوئے سرخ قالین پر چلتے ہوئے ان کے ساتھ بات چیت کی، جس پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے چین، شمالی کوریا اور روس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ بیجنگ میں ایک بڑی فوجی پریڈ کے موقع پر امریکہ کے خلاف سازش کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جس وقت آپ امریکہ کے خلاف سازش کر رہے ہیں تو میری جانب سے ولادی میر پیوٹن اور کم جونگ ان کو بہت بہت سلام کہہ دینا۔