Live Updates

گجرات میں 577 ملی میٹر کی ریکارڈ بارش سے تباہی، دو منزلہ عمارت گر گئی، اسکول بند، کئی دیہات ڈوب گئے

ضلع میں ندی اور نالوں میں طغیانی آگئی، فصلوں کو بھی نقصان پہنچا، معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے، رپورٹ

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:00

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)ضلع گجرات میں 577 ملی میٹر کی ریکارڈ بارش نے تباہی مچادی، برساتی نالے بپھر گئے، کئی دیہات ڈوب گئے۔اطلاعات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں شدید بارش سے تباہی مچ گئی، 577 ملی میٹر کی ریکارڈ بارش کے بعد سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، ندی اور نالوں میں طغیانی آگئی، فصلوں کو بھی نقصان پہنچا، معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔

شہری علاقوں میں پانی مکانوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، سڑکیں تالاب کا منظرپیش کرنے لگیں، جلال پور جٹاں میں 2 منزلہ خالی عمارت گر گئی، سیلاب سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہوگئی تھیں۔انتظامیہ نے ضلع بھر کے تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کر دیا، پانی کی نکاسی کے لیے گوجرانوالہ سے بھی مشینری اور گاڑیاں بھجوا دی گئیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں 27 اگست کو سیالکوٹ میں ہونے والی بارش نے شہر کو ڈبو کر رکھ دیا تھا، شہر اور گرد ونواح میں اب تک ریکارڈ 355 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔

طوفانی بارش کے باعث سیالکوٹ کے مرکزی علاقوں اور گردونواح کے تمام علاقے پانی میں ڈوب گئے تھے، شہر میں کوئی سڑک، چوراہا، بازار،گلی یا محلہ ایسا نہیں تھا، جہاں 2 سے 3 فٹ پانی کھڑا نہ ہوا ہو۔موسلادھار بارش سے شہر میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے، گلی محلے اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے تھے۔یاد رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید بارشیں، زلزلے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان قدرتی ا?فات سے متاثر ہونے والا بڑا ملک ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات