چنار والی بال کونسل کے زیر اہتمام نیلم سپورٹس کمپلیکس مظفرآباد میں چناروالی بال چیمپئن شپ 2025 کی افتتاحی تقریب

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:17

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) مظفرآباد(اے پی پی )چنار والی بال کونسل کے زیر اہتمام رات گئے نیلم سپورٹس کمپلیکس مظفرآباد میں چناروالی بال چیمپئن شپ 2025 کی افتتاحی تقریب میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور وزیر سمال انڈسٹریز، ٹریڈ اینڈ ٹریول پروفیسر تقدیس گیلانی نے 08 ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ٹرافی کی رونمائی کی۔

اس موقع پر چنار والی بال چیمپئن شپ 2025 کا آفیشل گانا" کھیل کھلاڑی کا، میدان کھلاڑی کا" ریلیز کیا گیا اور شاندار آتش بازی کی گئی۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے شرکاء کو 1500 سالہ جشن عید میلاد النبی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چئیرمین چنار والی بال کونسل راجہ عارف اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

جس قوم کے کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، ہمارے دور میں تعلیمی اداروں میں ایتھیلیٹکس اور دیگر کھیل باقاعدگی کے ساتھ کھیلے جاتے تھے۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے سپورٹس گراونڈ ضروری ہیں، حکومت نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدان تعمیر کرے۔ کھیل امن کا درس دیتا ہے اور انتشار اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، مہاجرین کی بہت بڑی قربانیاں ہیں ان کی حق تلفی کسی صورت قابل قبول نہیں، مہاجرین کا کوٹہ ان کا حق ہے، مہاجرین کیلئے مختص سیٹوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نےکہا کہ معرکہ حق کی کامیابی سے پاکستان کو بہت بڑی سفارتی کامیابی ملی ہے جبکہ ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ افتتاحی تقریب سے وزیر سمال انڈسٹریز، ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی آزاد کشمیر پروفیسر تقدیس گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب کو یادگار بنانے اور والی بال چیمپئن شپ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرنا چاہئے، مجھے خوشی ہے کہ کرکٹ کی طرح والی بال بھی بھمبر سے لے کر تاوبٹ تک مقبول کھیل بن چکا ہے، یہاں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے نوجوان اپنی صلاحیتوں پوری دنیا میں منوائیں، آج جب دنیا کھیلوں سے دور ہو رہی ہے کھیلوں کے فروغ کی ضرورت بڑھ گئی ہے، نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ انتہائی ناگزیر ہے، افتتاحی تقریب میں کشمیر سکول سسٹم کے طلبہ نے ملی نغموں پر عمدہ پرفارمنس اور معرکہ حق میں پاک فوج کی کامیابی کی عکاسی کرتے خاکے پیش کر کے بھرپور داد وصول کی۔

مقامی گلوکاروں نے ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار اور لوک موسیقی سے کشمیری ثقافت کو اجاگر کیا۔ چنار والی بال کونسل کے زیر اہتمام چنار والی بال چیمپین شپ میں مجموعی طور پر 08 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میرپور وولف والی بال کلب، کوٹلی ایگل والی بال کلب، کیپیٹل سٹی والی بال کلب مظفرآباد، سکندر والی بال کلب، پونچھ آزاد والی بال کلب، سدھنوتی ٹائیگرز والی بال کلب، وادی والی بال کلب اور جموں والی بال کلب شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب میں چنار سپورٹس ایسوسی ایشن ، چنار والی بال کونسل کے عہدیداران، طلبہ، صحافی، کھلاڑیوں، خواتین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس سے قبل چنار والی بال کونسل کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں چنار والی بال کونسل کے عہدیداران، صحافی، کھلاڑی، شائقین والی بال اور نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ ریلی سنٹرل پریس کلب مظفرآباد سے ہوتے ہوئے چہلہ چوک کے مقام پر پہنچی جہاں پر شائقین والی بال نے ریلی کا شاندار استقبال کیا۔ ریلی چہلہ بانڈی سے ہوتی ہوئی نیلم سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہوئی۔