فلسطین ایک قوم یا علاقہ نہیں ساری انسانیت کا مسئلہ ہے ، اسرائیل نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، عالمی برادری فوری توجہ مرکوز کرے ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا علماء کونسل کے زیراہتمام فلسطین کانفرنس سے خطاب

جمعرات 4 ستمبر 2025 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ فلسطین ایک قوم یا علاقہ نہیں ساری انسانیت کا مسئلہ ہے ، اسرائیل نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، عالمی برادری فوری توجہ مرکوز کرے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں علماء کونسل کے زیراہتمام فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کانفرنس میں چیف جسٹس آف فلسطین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، پاکستان کی تمام حکومتوں کی پالیسی آزاد فلسطینی ریاست رہی ہے ، یہ ایک قوم یا علاقہ نہیں پوری انسانیت کا مسئلہ ہے ، فلسطین میں اسرائیل نے ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، اس معاملہ پر عالمی ضمیر کو بھی اب جاگنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیرت النبیؐ کانفرنس میں بھی امام بیت المقدس شریک ہوں گے ، وزیر اعظم نے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لئے بھرپور آواز اٹھائی ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اسرائیلی بربریت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، عالمی دنیا بشمول سلامتی کونسل فلسطینیوں کا مسئلہ حل کرے ۔

سردار یوسف نے کہا کہ اس سال پاکستان میں پچاسویں سیرت النبیؐ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے ، 6 ستمبر یوم دفاع اور 12 ربیع الاول ایک ہی دن ہیں ، پاکستان کا دفاع اور سیرت النبیؐ کی 1500 سالہ تقریب ایک ہی دن ملک میں منعقد ہوگی ، چین میں بھی وزیراعظم نے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔