Live Updates

ئ*سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ ایریگیشن روز اول سے سرگرم عمل ہے،میر صادق عمرانی

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:55

mنصیر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایریگیشن روز اول سے سرگرم عمل ہے، جبکہ ڈویژنل انتظامیہ بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے متحرک رہی تاکہ عوام کے مفاد میں بروقت اور مو ثر اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکھر بیراج کا دورہ کر کے سندھ ایریگیشن حکام سے مکمل تفصیلات حاصل کی گئی ہیں اور ان کے مطابق اس وقت سیلابی صورتحال کا خطرہ ٹل چکا ہے، تاہم ہم نے سپر فلڈ کی صورت میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے تھے اور اب بھی روزانہ کی بنیاد پر تمام تر امور کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ایریگیشن نصیرآباد ڈویژن کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر، چیف انجینئر کنالز ناصر مجید، سپرنگ انجینئر غلام سرور بنگلزئی، پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن کے صدر میر بلال صادق عمرانی، پٹ فیڈر کینال کے ایگزیکٹو انجینئر فرید احمد پندرانی،صوبائی کوآرڈینیٹر فیڈرل پروجیکٹ ایریگیشن ڈیپاٹمنٹ انجینیئر سمیع اللہ بلوچ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظہیر احمد عمرانی، سب ڈویژنل آفیسر سیف اللہ بنگلزئی، برکت علی کھوسہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایریگیشن کی مکمل ٹیم گزشتہ چار دنوں سے نصیرآباد ڈویڑن میں موجود ہے جہاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر ممکنہ سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ، شہری آبادیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنا اور فصلات و مال مویشیوں کو بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ دریائے سندھ کے مغربی کنارے پر کسی بھی ممکنہ کٹ یا شگاف سے بچاوکے لیے دونوں صوبے مل کر مشترکہ اقدامات کریں گے تاکہ کسی ایک فریق پر انحصار نہ رہے۔ اللہ تعالی کے کرم سے صورتحال اب کنٹرول میں ہے اور خطرہ کافی حد تک کم ہو چکا ہے۔ ہم نے تمام متعلقہ محکموں کو آن بورڈ لیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مو ثر اقدامات کیے جا سکیں۔ فلڈ کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں مشینری اور عملہ ہمہ وقت مستعد ہے۔ بلوچستان حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات