کوئٹہ کے عوامی مسائل پرخاموش تماشائی بننے کی بجائے صوبے کے عملی جدوجہد کے میدان میں اتر آئے ہیں، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ کے عوامی مسائل پرخاموش تماشائی بننے کے بجائے جماعت اسلامی بلوچستان عملی جدوجہد کے میدان میں اتر آئی ہے۔امیرصوبہ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کوئٹہ میں قلت آب،نالیوں پر قبضہ اور نالیوں کی بندش کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں باضابطہ کیس دائر کردیا ہے۔

یہ مقدمہ صرف نالیوں اور پانی کے بہاؤ کا نہیں، بلکہ عوام کے بنیادی حقوق،صحت اور شہر کے مستقبل کا مقدمہ ہے۔قبضہ مافیا اور کرپٹ عناصر نے عوامی سہولتوں کو اپنی جاگیر بنا کر شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس کیس کی پیروی جماعت اسلامی بلوچستان وکلاء کے صوبائی ونگ کے صدر سردار شیردل خان ایڈوکیٹ کریں گے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی یہ باور کراتی ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ہم حکومت اور انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ عوامی سہولتوں پر قبضے کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کریں بصورت دیگر جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر سخت مزاحمت کرے گی۔یہ جدوجہد عوامی حق، انصاف اور کوئٹہ کے مستقبل کی جنگ ہے،جسے آخری دم تک جاری رکھا جائے گا۔

دریں اثناء کاسی بحریہ ٹاؤن کے متاثرین نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ سے صوبائی دفتر میں ملاقات کی۔جس میں متاثرین نے اپنی مشکلات سے متعلق شدیدتحفظات کا اظہار کیا تاکہ مسئلے کے حل کے لیے قانونی اور عملی اقدامات کو آگے بڑھایا جا سکے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ متاثرین کے حق میں ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ متاثرین کو فوری طور پر ان کے پلاٹس اور زمینیں الاٹ کی جائیں اور ترقیاتی کاموں کا آغاز فی الفور کیا جائے۔حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لے اور متاثرین کے مسائل حل کرے۔