پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 14 واں دور، تجارت و سرمایہ کاری، ترقی، عوام سے عوام کے مابین تعلقات اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کا 14 واں دور جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور تجارت و سرمایہ کاری، ترقی، عوام سے عوام کے مابین تعلقات اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سپیشل سیکرٹری (اقوام متحدہ) نبیل منیر نے کی جبکہ جاپانی وفد کی قیادت جاپان کے سینئر نائب وزیر خارجہ ایکاہوری ٹیکیشی کر رہے تھے ۔دونوں فریقوں نے پاکستان۔جاپان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور تجارت و سرمایہ کاری، ترقی، عوام سے عوام کے مابین تعلقات اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقوں نے جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور ایشیا پیسیفک میں علاقائی امن و سلامتی کی صورتحال اور افغانستان میں موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دوطرفہ سیاسی مشاورت نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لینے کا ایک موقع فراہم کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور اپنی پائیدار شراکت کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کیا۔مشاورت پرخلوص اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ دونوں فریقوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کے سلسلے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر ٹوکیو میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔