وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے وزیراعظم کی جانب سے صوابی کے حالیہ کلاوڈ برسٹ سے متاثرہ دالوڑی کے متاثرین میں چیکس تقسيم کر دیئے

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے پبلک افئیر زرانا مبشر اقبال نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے صوابی کے حالیہ کلاوڈ برسٹ سے متاثرہ گدون امازئی کے گاؤں دالوڑی گدون کے 35 متاثرین میں 20 ، 20 لاکھ روپے مالیت کی مجموعی طور پر سات کروڑ روپے بنک چیکس تقسیم کر دیئے۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی جاوید مرتضیٰ عباسی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی، ضلعی صدر حاجی شیراز خان، جنرل سیکرٹری بابر سلیم، تحصیل چیئرمین لاہور عادل خان اور این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر اور صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) انجینئر امیر مقام نے دورہ دالوڑی بالا کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کےلیے بیس ، بیس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے پبلک افئیر رانا مبشر اقبال نے اس موقع پر کہا کہ مزید آٹھ چیکس بھی جلد متاثرین کو مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 18 اگست کو گدون امازئی میں کلاوڈ برسٹ سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کے بعد تین بار یہاں آئیں اور اپنے متاثرہ بھائیوں سے تعزیت و ہمدردی کا نہ صرف اظہار کیا بلکہ آج تک ان کے دکھ درد میں شریک رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان ہے تو سب کچھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب گدون امازئی کے لوگ مشکل میں تھے تو ہم یہاں موجود تھے، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ہمیں یہاں بھیجا تھا، وقت گزر گیا لیکن ہم پھر بھی مشکل گھڑی میں انکے ساتھ رہے۔ ہم کل بھی آپکے درمیان موجود تھے اور آج بھی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیں ہر قسم تعاون کرنے کی ہدایات دی ہے، ہم ایک ایک چیز دیکھ کر گئے ہیں، امیر مقام بھی موجود رہے،ہم کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں. دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیرِ برائے پبلک افئیر زرانا مبشر اقبال اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے صوابی میں ممتاز لیگی رہنما حاجی دلدار خان سے ان کے ڈیرے میں ملاقات کی اور ان کے مرحوم بھائی حاجی شیر افسر خان کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر (ن) لیگ صوابی کے صدر شیراز اور جنرل سیکرٹری بابر خان سمیت دیگر ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے حاجی دلدار خان کو وزیرِاعظم محمد شہبازشریف کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور ان کی جانب سے ان کے بھائی کی رحلت پر فاتحہ خوانی بھی کی۔