پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ وطن کی ترقی، امن اور دفاع میں اہم کردار ادا کیا ،ڈاکٹر جوزف ارشد

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) یوم دفاعِ پاکستان کے موقع پر آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ میں پوری پاکستانی قوم کے ساتھ مل کر آج کے دن اپنے مادرِ وطن پاکستان کے دفاع اور بقا کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ، 6 ستمبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ وطن ہمارے شہیدوں کی قربانیوں، جوانوں کی بہادری اور عوام کی لازوال یکجہتی سے محفوظ و قائم ہے۔

افواج پاکستان نے ہمیشہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کی حفاظت کی ہے، جس پر پوری قوم اُن پر فخر کرتی ہے۔ آج ہم اُن شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے پاکستان کے دفاع کو یقینی بنایا۔ پاکستان کی مسیحی برادری نے بھی ہمیشہ اس وطن کی ترقی، امن اور دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے، چاہے میدانِ جنگ ہو، تعلیم، صحت یا سماجی خدمت ہمارے مسیحی بھائیوں اور بہنوں نے ہمیشہ پاکستان کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا۔

(جاری ہے)

پاک فوج میں بھی ہمارے مسیحی سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور وطن عزیز کے دفاع میں لازوال مثالیں قائم کیں۔یومِ دفاع پاکستان مناتے ہوئے ہم نے افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ارو دُعا مانگتے ہیں کہ خُدا تعالیٰ پاکستان کو سلامتی، استحکام اور خوشی کی منازل عطا کرے تاکہ ہمارا مُلک دُنیا کے اُفق پر ہمیشہ ستاروں کی مانند چمکتا رہے۔