کراچی میں ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی تمام حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے گی،سعید غنی

خالی نشستوں کے لئے پارٹی کی جانب سے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردئیے گئے ہیں،سینیٹر وقار مہدی کے ہمراہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی و جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سینیٹر سید وقار مہدی نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی تمام حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے گی۔ کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ، ویسٹ اور کیماڑی میں مختلف یوسیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسلرز کی خالی نشستوں کے لئے پارٹی کی جانب سے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردئیے گئے ہیں۔

جن جن ڈسٹرکٹ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات منعقد ہورہے ہیں وہاں کی پارٹی کی تنظیم مکمل طور پر ان انتخابات میں سنجیدگی کے ساتھ حصہ لے گی اور انشااللہ تمام نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ڈسٹرکٹ ایسٹ، ویسٹ اور کیماڑی کی تنظیموں کے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری عبدالروف ناگوری بھی شریک تھے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، جنرل سیکرٹری، ریاض بلوچ، انفارمیشن سیکریٹری فروخ تنولی پی ایس 97 کے صدر لالہ عبدالرحیم و دیگر عہدیداران و ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں یوسی 8 سہراب گوٹھ ٹائون میں 1 وائس چیئرمین کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ویسٹ کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد ستی، سینئر نائب صدر صدیق اکبر، انفارمیشن سیکریٹری علی اکبر کاچیلو، رکن سندھ اسمبلی علی احمد جان، ٹائون چیئرمین نواز بروہی، ٹائون چیئرمین جمیل ضیا و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ویسٹ میں یوسی 1 گلشن ضیا ایک چیئرمین، یوسی 10 منگھوپیر میں ایک وائس چیئرمین اور یوسی 7 اورنگی ٹائون میں ایک جنرل کونسلر کی نشست پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ کیماڑی کے اجلاس میں ڈسٹرکٹ کیماڑی کے صدر لیاقت آسکانی، جنرل سیکرٹری حبیب جدون، انفارمیشن سیکریٹری افتخار شاہ، پی ایس 112 کے صدر و رکن سندھ اسمبلی آصف موسی، پی ایس 113 کے صدر و وائس چیئرمین بلدیہ ٹان عجب خان، پی ایس 111 کے صدر و ٹان چیئرمین بلدیہ عبدالکریم آسکانی، عارف تنولی، جاوید بلوچ و دیگر عہدیداران موجود ہیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کیماڑی میں یوسی 8 بلدیہ ٹان کے وائس چیئرمین کی نشست پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام یوسیز کے ضمنی انتخابات میں تمام عہدیداران اور ذمہ داران بھرپور طور پر مہم کا حصہ بنیں اور ان انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔