Live Updates

نبی اکرم ﷺ کے عطا کردہ آفاقی اصولوں، عدل، رحمت، اخوت اور امن کو اپنے معاشرتی، سیاسی اور تہذیبی ڈھانچوں میں رائج کریں، صدر آصف علی زرداری کا جشن ولادت رسولﷺ پر پیغام

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے 12 ربیع الاول کے بابرکت اور پرسعید دن پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی اور یادگار موقع امت مسلمہ کے لیے نہ صرف خوشی اور عقیدت کا باعث ہے بلکہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو تعلیمات نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عہد بھی ہے، اس 12 ربیع الاول کے ساتھ ساتھ ولادت نبوی ﷺ کے پندرہ سو برس مکمل ہونے کی سعادت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم نبی اکرم ﷺ کے عطا کردہ آفاقی اصولوں، عدل، رحمت، اخوت اور امن کو اپنے معاشرتی، سیاسی اور تہذیبی ڈھانچوں میں رائج کریں، یہ دن پوری دنیا کے مسلمانوں کو ایک ایسے رشتے میں پروتا ہے جو ایمان کی بنیاد پر استوار ہے اور جس کا محور صرف اور صرف رسول رحمت ﷺ کی ذات گرامی ہے۔

(جاری ہے)

ایوان صدر کے پریس ونگ سے 12ربیع الاول کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس تناظر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ نے متفقہ قراردادوں کے ذریعے اس تاریخی موقع کو قومی سطح پر یادگار طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے جو پوری قوم کی نبی رحمت ﷺ سے والہانہ محبت اور عقیدت کا مظہر ہے۔ مزید برآں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی سرکار کائنات ﷺ کی ولادت مبارکہ کے پندرہ سو سال مکمل ہونے پر اس برس کو یادگاری سال قرار دے کر پوری امت کو اس پیغام رحمت کے گرد یکجا کر دیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ عدل و انصاف، رحم و کرم، اخوت و مساوات اور احترام انسانیت ایک صالح معاشرے کی بنیاد ہیں، آج جب دنیا انتہاپسندی، ناانصافی، معاشرتی خلفشار اور ڈیجیٹلائزیشن کے بے قابو رجحانات جیسے چیلنجز سے دوچار ہے، ہمیں سیرت مصطفی ﷺ کی روشنی میں ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، ان کا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے، انہوں نے ہمیں اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی اور یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ہم اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ کمزوروں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیا، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اس عمل کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ وطن عزیز اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی تباہ کاریاں دیکھنے میں آ رہی ہیں ۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس ہنگامی صورتحال میں حکومت، مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں تاکہ جلد از جلد متاثرین کی حفاظت اور بحالی ممکن ہو سکے، یہی موقع ہے جب ہم سرکار دوعالم کی سیرت طیبہ سے سبق سیکھتے ہوئے اپنے لوگوں کی کھلے دل سے مدد کر کے ان کی بحالی کو جلد از جلد ممکن بنائیں کیونکہ نبی اکرم ﷺ بھی ہر حال میں دوسروں کی مدد اور فلاح کے لیے کوشاں رہتے تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آئیے !ہم اس مبارک موقع پر عہد کریں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور ان کی روشنی میں اپنے معاشرے کو مساوات اورامن کا گہوارہ بنائیں گے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم سب کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین!
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات