شہدا کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ،ہم آج تجدیدعہد کرتے ہیں کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،وزیراعلی بلوچستان

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ دن ہے جو بہادری، ایثار اور قربانی کی لازوال داستان رقم کرتا ہے، یہ دن ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کے غیور عوام اور بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں جو اپنے وطن کی حفاظت کرنا جانتی ہے ۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں ،ہم آج ان عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ،یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے ملک کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جاری جنگ میں بھی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ وطن کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ملک کی سالمیت اور ترقی کے لیے ہر محاذ پر صفِ اوّل میں کھڑے رہیں گے ۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان نسل کو شہداء کی قربانیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی توانائیاں پاکستان کے روشن اور مضبوط مستقبل کے لیے وقف کرنا ہوں گی ،انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور وطن عزیز کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکے درجات بلند فرمائے۔