گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا یوم دفاع پرشہداء اور غازیوں کو سلام

جمعہ 5 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک عظیم اور یادگار دن کے طور پر جانا جاتا ہے، یہ دن ہمیں ان جاں نثاروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1965ء میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ دن نہ صرف ہماری افواجِ پاکستان کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کا عکاس ہے بلکہ پوری قوم کی یکجہتی، عزم اور حوصلے کا مظہر بھی ہے۔

یومِ دفاعِ پاکستان (6 ستمبر) کے موقع پر جاری پیغام میں انہوں نے ان تمام شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے اپنے بہادر سپوتوں کے ساتھ ملکر ہر دور میں ملک کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

چاہے وہ 1965 کی جنگ ہو،حالیہ بھارتی جارحیت کا جواب ہو، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا قدرتی آفات سے نمٹنے کا چیلنج، ہمارے عوام اور سیکورٹی اداروں نے ہمیشہ قربانی اور بہادری کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف معرکہ حق،بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی ہماری سیکورٹی فورسز کی بے پناہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ گورنر نے کہاکہ یومِ دفاع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا دفاع صرف افواج کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اندرونی و بیرونی چیلنجز کے خلاف متحد رہیں گے اور قومی سلامتی، ترقی، اور خوشحالی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔