6 ستمبر ہمیں قربانی، جرات اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے،وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام

جمعہ 5 ستمبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ کا ایک حوصلہ افزا اور ناقابلِ فراموش باب ہے، جو ہمیں قربانی، جرات اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے۔6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع صرف ایک دن کی یادگار نہیں بلکہ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے۔

یہ دن ہمیں 1965 کی جنگ کے ان بہادر سپاہیوں اور شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیوں نے ہمیں سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ دیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کی بلکہ اندرونی و بیرونی چیلنجز کے سامنے بھی سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہیں۔

(جاری ہے)

آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہوتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے خیبر پختونخوا، قبائلی اضلاع، گلگت بلتستان اور کشمیر کے عوام کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اپنے ہیروز کے کارنامے یاد دلائیں، تاکہ ان میں حب الوطنی، قومی شعور اور خدمتِ وطن کا جذبہ پروان چڑھے۔

انہوں نے تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور دیگر طبقاتِ فکر پر زور دیا کہ وہ یومِ دفاع کے حقیقی پیغام کو عام کریں اور شہداء کے اہلِ خانہ کو وہ عزت و تکریم دیں جس کے وہ مستحق ہیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر انجینئر امیر مقام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم ہر اُس سازش کو ناکام بنائیں گے جو پاکستان کے امن، سلامتی اور ترقی کے خلاف ہو۔ دشمن چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، ہم اپنی افواج اور عوام کے تعاون سے اسے شکست دیں گے۔