جنوبی وزیرستان کے مختلف مقامات پر یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے تقاریب کا سلسلہ جاری

ہفتہ 6 ستمبر 2025 00:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) جنوبی وزیرستان کے مختلف مقامات پر یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے جنوبی وزیرستان کے مختلف سکولز (ملک عبدالخالق شہید پبلک اسکول وانا، شیر نواز شہید پبلک اسکول سراروغہ اور فالکن پبلک اسکول بی بی رغزئی اور پیر روشان پبلک اسکول کانیگرم) میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر مختلف مقامات پر طلباء کے لیے "ایک دن پاک آرمی کے ساتھ" جیسی خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، ان تقریبات میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں طلباء نے نہ صرف ہتھیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کیں بلکہ فوجی جوانوں سے براہِ راست تبادلہ خیال کا موقع بھی ملا ۔

(جاری ہے)

تقاریب میں پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں نے شرکت کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی ۔

بچوں نے پاک فوج کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی کے لیے اجتماعی دعائیں کئیں۔طلباء و طالبات نے ملی جذبے سے بھرپور نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے۔طلباء کی خوبصورت پرفارمنس، حب الوطنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔تقریبات کا اختتام نمایاں کار کردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا۔