6 ستمبر شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، مسلم یوتھ (مائی) یونیورسٹی کے زیر اہتمام تقریب سے اساتذہ اور طلبہ کا خطاب

ہفتہ 6 ستمبر 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ملک بھر میں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں مسلم یوتھ (مائی) یونیورسٹی اسلام آباد میں یوم دفاع کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و اساتذہ نے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائی یونیورسٹی کی لیکچرار انجم گل مغل نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن دشمن کے اچانک حملے کے خلاف پاکستانی مسلح افواج کی جرات اور استقامت کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور معیشت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انجم گل نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی خودمختاری کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنی ہوں گی۔ سربراہ انٹرنیشنل ریلیشنز و اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم کھوکھر نے یوم دفاع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمارے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی فیکلٹی، سٹاف اور طلبہ اس مقصد کے لیے متحد ہیں اور آنے والے وقت میں بھی ملک کی سالمیت کی حفاظت کے لیے یکجا رہیں گے۔

ڈاکٹر وسیم نے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں ان کی قربانیوں کی قدر کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ شعبہ قانون کی سربراہ امیرہ سہیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع محض ایک جشن کا دن نہیں بلکہ ایک تاریخی لمحے کی یاد ہے، جب پاکستانی قوم نے اپنی روح، مٹی اور وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ملک ہے، جس کے لیے آزادی کی جنگ لڑی گئی اور آج بھی ہمارے شہداء اس خوبصورت وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ سینئر لیکچرار فخر جلیل نے کہا کہ چھ ستمبر یوم دفاع کے موقع پر ہم اپنی افواج، شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی قوم دشمن کی ہر مہم جوئی کے خلاف اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن ہی بقائے وطن کا ضامن ہے اور اس موقع پر پوری قوم پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے دعائیں مانگیں۔