Live Updates

مسلح افواج کا 60ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پربہادر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو زبردست خراجِ عقیدت

ہفتہ 6 ستمبر 2025 01:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اورپاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے 60ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پربہادر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو زبردست خراجِ عقیدت اور احترام پیش کیا ہے اور کہاہے کہ مسلح افواج پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گی اور یومِ دفاع و شہداء کو نہایت عاجزی کے ساتھ منائیں گی۔

ہماری محنت سے حاصل کیا گیا امن بگاڑنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم اور اٹوٹ حوصلے کی علامت ہے۔ اس تاریخی دن، ہمارے بہادر سپاہیوں نے پوری قوم کی حمایت کے ساتھ کھلی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہو کر اس دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جو اسلحے اور تعداد میں کہیں زیادہ تھا۔

ہماری بہادر افواج کے کارنامے اور لازوال قربانیاں یہ دائمی پیغام ثبت کرگئیں کہ ایک متحدہ قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔ہمارے نڈر ہیروز کی بہادری آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی اور ان کاورثہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔ آج پوری قوم اپنے شہداء، اپنے غازیوں اور ان کے ثابت قدم خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اس عظیم وطن کی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف ڈٹے رہنے کے علاوہ، پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ آفات اور قدرتی سانحات میں بھی پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں۔ مسلح افواج پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گی اور یومِ دفاع و شہداء کو نہایت عاجزی کے ساتھ منائیں گی۔آج ہم اپنے عہد کو دہراتے ہیں کہ قوم کی جانب سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری کو ہر صورت نبھائیں گے۔

پاکستان کی مسلح افواج ہر لمحہ چوکس اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہماری محنت سے حاصل کیا گیا امن بگاڑنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور طاقت عطا فرمائے۔پاکستان مسلح افواج زندہ باد،پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات