ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع کا نام تبدیل کرکے وزارت جنگ رکھ دیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 09:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک فرمان پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت محکمہ دفاع کا نام تبدیل کرکے "وزارت جنگ"رکھ دیا گیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق امریکی صدر نے فرمان پر دستخط کے بعد کہا کہ یہ بہت بڑا قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات کو دیکھتے ہوئے نیا نام زیادہ مناسب ہے۔ٹرمپ نے بتایا کہ پینٹاگون کا نام تبدیل کرنے کا امکان کئی ماہ سے زیرِ غور تھا۔

(جاری ہے)

پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگسیٹھ، جنہیں صدر نے "وزیر جنگ" کا خطاب دیا، نے کہا کہ جب بیسویں صدی کے وسط میں محکمہ جنگ کو محکمہ دفاع میں تبدیل کیا گیا تھا تو امریکا نے کوئی بڑی جنگ نہیں جیتی۔ ان کے مطابق، پرانے نام کی بحالی محکمہ کو مؤثر طریقے سے لڑنے اور طولانی تنازعات کو روکنے کی صلاحیت دے گی۔محکمہ جنگ 1789 سے 1947 تک فعال رہا، جب اسے قومی فوجی محکمہ میں تبدیل کیا گیا۔ بعد ازاں 1949 میں اسے محکمہ دفاع کا نام دیا گیا تھا۔ تبدیلی امریکا کی دفاعی پالیسی میں ایک اہم اور نمایاں تبدیلی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔