برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ، بیلجیئم کے شہریوں، صحافیوں، کمیونٹی لیڈرز اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی شرکت

ہفتہ 6 ستمبر 2025 11:50

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم دفاع کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستان کے ان بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے بیرونی جارحیت کے خلاف مادر وطن کا دفاع کیا اور جرات اور عزم کے ساتھ اس کی خودمختاری کا تحفظ جاری رکھا ہوا ہے۔ ہفتہ کو یہاں پاکستان کے سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات سنائے گئے۔

تقریب میں دفاعی اتاشی، بیلجیئم کے شہریوں، صحافیوں، کمیونٹی لیڈرز اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 6 ستمبر کی تاریخ اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم دفاع 1965 کی جنگ کے دوران دی گئی عظیم قربانیوں کی یاددہانی اور وطن کے دفاع کے لیے قوم کے اتحاد، ریزیلینس اور غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

پاکستان کے سفیر نے کہا کہ یہ دن ان بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں اور قوم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس کا دفاع ایک مقدس اور اعلیٰ فریضہ ہے۔ تقریب میں معرکہ حق کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا جن کی جرات نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنادیا اور آپریشن بنیان مرصوص کے شہداءکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے قوم کی حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور اس کی مسلح افواج کی مسلسل مضبوطی اور فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔