Live Updates

وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کا عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سیلاب متاثرین کیمپس کا دورہ

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر فیض پور کلاں شرقپور اور ملتان روڈ لاہور چوہنگ میں سیلاب متاثرین کیمپس کا دورہِ کیا جہاں انہوں نے کیمپس میں امدادی کاروائیوں، خوراک پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا اور کیمپس میں منعقدہ عید میلاد النبی کی تقریبات میں شرکت کی ۔

صوبائی وزیر نے کیمپس میں مقیم سیلاب زدگان کو عید میلاد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کی اور متاثرین میں مٹھائی تقسیم کی۔ اس موقع پر تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ آج ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا 1500واں یوم ولادت یہاں سیلاب زدگان کے ساتھ منا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سال پنجاب حکومت کے تحت ربیع الاول کے پورے مہینے میں عید میلاد النبی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

جہاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے خصوصی دعائیں کروائی جائیں گی ۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں سیلاب زدگان کی ریلیف اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کے رہی ہے ۔آئندہ سیلاب سے تحفظ کے لیے لانگ ٹرم اور فول پروف پلاننگ کی جا رہی ہے ۔ حکومت حالیہ سیلاب زدگان سے بھی غافل نہیں رہے گی ۔

سیلاب متاثرین کو باقاعدہ پیکج کے تحت ریلیف دیا جائے گا۔ سیلاب زدگان کی بحالی تک انہیں بجلی کے بلز اور ٹیکسز میں بھی خصوصی ریلیف دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے متاثرہ اضلاع میں انتظامیہ کی امدادی کاروائیوں اور کیمپس میں مقیم سیلاب زدگان کے لیے قیام و طعام کے انتظامات پر بھی گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے جہاں حکومت اور انتظامیہ سرگرم عمل ہے وہاں سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف آرگنائزیشن ز بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔

حکومتی ادارے متاثرہ علاقوں سے سیلاب زدگان کو حفاظتی کیمپس میں اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ امدادی کاروائیوں کو یکجا کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے تحت پورا مہینہ جاری رہنے والی تقریبات میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات عام کی جائیں گی۔ لوگوں میں بھائی چارے اور مساوات کے پیغام کو عام کیا جائے گا۔ عید میلاد النبی کے موقع پر سیلاب زدگان کی دلجوئی بھی رحمت اللعالمین کی تعلیمات کا حصہ ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر آج پوری کابینہ سیلاب متاثرین کی ریلیف کے لیے سر گرم عمل ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات