Live Updates

حضورﷺکی تعلیمات کا نچوڑ محبت کا پر چار اور انسانیت کی خدمت ہے، مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ حضورﷺکی تعلیمات کا نچوڑ محبت کا پر چار اور انسانیت کی خدمت ہے، یوم ولادت محمدﷺ تمام انسانیت کے لئے مبارک دن ہے، ہمیں حضور کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر انسانیت کی بھلائی کے لیے اقدامات اٹھاکر دنیاوی اور اخروی کامیابیاں مل سکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایبٹ آباد پریس کلب کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کےلیے قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں جمع شدہ 15 لاکھ 70 ہزار روپے کا چیک، ایمرجنسی ادویات اور امدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن ایبٹ آباد کے حوالے کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب اور زمونگ کور ایبٹ آباد کیمپس حویلیاں میں یوم دفاع پاکستان اور سیرت النبی ؐکانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر سردار نوید عالم، صحافیوں، تاجروں، مخیر حضرات اور طلباء کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زمونگ کوربھی موجود تھے۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمدعلی سیف نے کہا کہ دنیا کی مشکلات عارضی ہوتی ہیں تاہم مشکلات میں اللہ تعالیٰ کو یاد کرنے، دعا مانگنے، صبر کرنے ، اللہ پر یقین رکھنے اور اور اللہ سے بہتری کی امید رکھنے والوں کو مشکلات کے بعد خوشی اور راحت ملتی ہے۔

بیرسٹر سیف نے ایبٹ آباد پریس کلب کی جانب سے متاثرین سیلاب کے لیے ریلیف کیمپ لگانے اور ان کی مدد کرنے کے جذبہ کو سراہا۔انہوں نے سیلاب متاثرین کےلیے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر ایبٹ آباد کے صحافیوں، عوام اور انتظامیہ کے جذ بہ کو سراہا۔بیرسٹر سیف نے میڈیا کالونی کے حوالے سے کہا کہ ایبٹ آباد کے صحافیوں کے لئے میڈیا کالونی اسی دور حکومت میں بنے گی اور کالونی کے قیام کے لئے مالی اور انتظامی معاملات پورا کرکے دیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی اس سلسلے میں تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمدعلی سیف نے ڈمپر حادثہ میں سکول کے تین بچوں کے جاں بحق اور چار بچوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوت ہونے والے طلبہ کے بلند درجات، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور غمزدہ والدین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ملک تنویر نے فاؤنڈیشن پر اعتماد کا اظہار کرنے پر ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ریلیف فنڈ کی پائی پائی متاثرین سیلاب تک پہنچائی جائے گی۔

بیرسٹر ڈاکٹر محمدعلی سیف نے فلڈ ریلیف فنڈ میں حصہ لینے والے صحافیوں اور دیگر افراد میں سرٹیفیکیٹ جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے شیلڈز بھی تقسیم کئے۔قبل ازیں زمونگ کور ایبٹ آباد کیمپس حویلیاں کے دورہ کے دوران مشیر اطلاعات نے طلباء کی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ یتیم بچوں کے اس ادارے کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات