Live Updates

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ آباد کاری کےلیے ٹھوس اقدامات ضروری ہے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی

اتوار 7 ستمبر 2025 13:30

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فوری فراہمی کے ساتھ انکی آباد کاری کےلیے ٹھوس اقدامات اٹھانا انتہائی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمر کے زیر اہتمام کوکار میں لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کے دورہ کے موقع گفتگو کے دوران کیا۔

ہلال احمر خیبر پختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کیمپ میں سیلاب سے متاثرہ عوام کو مفت علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے سیلاب کے دوران نہ صرف سوات، بونیر، صوابی اور شانگلہ بلکہ ڈی آئی خان میں بھی عوام کی بھرپور مدد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ میں مریضوں کو علاج اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ دریا کے پار کچہ کے علاقے میں بھی میڈیکل کیمپ لگایا جائے تاکہ وہاں کے عوام بھی سہولت سے مستفید ہو سکیں،سیلاب کے بعد ڈینگی اور دیگر وبائی امراض نے مشکلات بڑھا دی ہیں،ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی سب سے بڑا چیلنج ہے تاہم حکومت اور ہلالِ احمر سمیت تمام ادارے مل کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں،وہ تمام اداروں اور شخصیات کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دوائیوں سمیت مختلف شعبہ جات میں متاثرین کی مدد کی. ان کا کہنا تھا کہ اب سب سے اہم مرحلہ ری کنسٹرکشن اور بحالی کا ہے جس میں ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ متاثرین کے گھر اور کاروبار دوبارہ بحال ہو سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات