مقبوضہ جموں و کشمیر میں فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرچسپاں

اتوار 7 ستمبر 2025 14:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹرچسپاں کئے گئے جن میں شہدائے پاکستان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹرمختلف آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے چسپاں کئے گئے۔ پوسٹروں میںبھارت کے خلاف 1965کی جنگ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج اور شہریوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو سراہاگیا اور کشمیری عوام کی طرف سے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیاگیا۔

پوسٹروں میں کہاگیا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا اور اس کے عوام اپنے حقوق حاصل کر لیں گے۔ پوسٹروں میں کہاگیاکہ بھارت کو جموں و کشمیر میں اپنا مذموم ایجنڈا ترک کرنا ہوگا، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک حل طلب بین الاقوامی مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں کہاگیاکہ جموں و کشمیر کے لوگ پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں،1965میں بھارت نے کھلی جارحیت کی۔

کشمیری عوام پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اوراپنے مادر وطن کے دفاع کے لئے فوجیوں اور شہریوں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔پوسٹروں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اس بیان کو بھی نمایاں کیا گیا جس میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ہم حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔پوسٹرعوامی مقامات کے علاوہ فیس بک ، ایکس اوروٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمزپربھی گردش کر رہے ہیں۔