65 جنگ ، فضائی شاہینوں کی جرات اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،سردار ایاز صادق

پاک فضائیہ ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کا بیان

اتوار 7 ستمبر 2025 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 1965 کی جنگ اور معرکہ حق کے دوران فضائی شاہینوں کی جرات اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،قوم کو اپنی پاک فضائیہ پر فخر ہے۔ یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 1965ء کی جنگ اور معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی عظیم تاریخ رقم کی،ایئر کموڈور ایم ایم عالم نے ایک منٹ سے کم وقت میں پانچ بھارتی طیارے مار گرائے،ایئر مارشل نور خان، ایم ایم عالم اور جانباز شاہین آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں،پاک فضائیہ ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے دنیا کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھائے،معرکہ حق میں پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں نے دشمن کے چھ طیارے مار گرائے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ نے مادرِ وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کو ثابت کیا، پاکستان کی مسلح افواج ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کے اہلِخانہ کے جذبہ استقامت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔