Live Updates

عوامی اعتماد کی بحالی کا وقت آگیا ،ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر اصلاحات پر مبنی مشکل فیصلے کیے جائیں،مولاناعبدالواسع

اتوار 7 ستمبر 2025 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر و سینیٹر حضرت مولانا عبد الواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے ۷ ستمبر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ۷ ستمبر 1974 دراصل امت مسلمہ اور ملتِ اسلامیہ پاکستان کے لئے یومِ ظفر و فتح مبین ہے، جس دن اکابرینِ اسلام، بالخصوص حضرت مفتی محمود رحمتہ اللہ علیہ اور ان کے رفقاء نے پارلیمنٹ میں ختمِ نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دشمنوں اور قادیانی فتنے کو غیر مسلم قرار دے کر تاریخ رقم کی۔

یہ فیصلہ محض ایک سیاسی کامیابی نہیں بلکہ ایک شرعی نصرت تھی، جو مسلسل جدوجہد، ایثار و قربانی اور عظیم تضحیات کے بعد حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مفتی محمود کے بعد اس مقدس قافلے کی قیادت حضرت مولانا فضل الرحمن دامت برکاتہم نے سنبھالی اور ہر باطل سازش کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ختمِ نبوت کے مقدس مشن کو اپنی حیاتِ مستعار کا مقصد بنایا۔

(جاری ہے)

سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ صوبے اور ملک کی سب سے معتبر، مستحکم اور جمہوری آواز صرف جمعیت علمائ اسلام ہے۔ ہماری سیاست برداشت، شائستگی اور مذاکرات پر قائم ہے، اور یہی اصول ہمیشہ ہمارا شعار رہے گا۔ جے یو آئی کا کردار محض احتجاج تک محدود نہیں بلکہ ایک قومی قوت اور سیاسی استحکام کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو بار بار نوزائیدہ اور غیر سنجیدہ جماعتوں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا، جس کا نتیجہ سیاسی عدم استحکام اور ہمہ جہتی بحرانوں کی صورت میں نکلا۔

حقیقت یہ ہے کہ اگر کوئی جماعت صوبے کو بحرانوں کی دلدل سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے تو وہ صرف جمعیت علماء اسلام ہے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے وقت آگیا ہے کہ ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر اصلاحات پر مبنی مشکل فیصلے کیے جائیں۔ اس وقت صوبے کی سب سے بڑی تشویش سیلابی صورتحال ہے، جس سے نمٹنے کے لیے بروقت اور جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات