قوموں کی کامیابی خوشحالی کا راز تعلیم میں چھپا ہے، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ

پیر 8 ستمبر 2025 11:30

سیالکوٹ ،08 ستمبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نے کہا ہے کہ قوموں کی کامیابی خوشحالی کا راز تعلیم میں چھپا ہے،علم ، خواندگی انسان کی اصل طاقت ، ترقی کی ضمانت ہیں، جس ملک کے عوام تعلیم یافتہ ہوں، وہ جہالت، غربت اور پسماندگی سے ہمیشہ محفوظ رہتے ہیں۔

عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ نے شاداب کالج میں بطور مہمانِ خصوصی عالمی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیسکو کے زیر اہتمام دنیا بھر میں ہر سال 8 ستمبر کو عالمی یومِ خواندگی منایا جاتا ہے تاکہ عوام کو تعلیم کی اہمیت اور اس کے سماجی و معاشی اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں خواندگی کا فروغ نہ صرف حکومت بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

صدر ڈسٹرکٹ بار نے کہا کہ آج کے جدید دور میں خواندگی کا مفہوم صرف لکھنے پڑھنے تک محدود نہیں رہا بلکہ اب اس میں کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے صحیح استعمال کی مہارت بھی شامل ہے۔ اگر نئی نسل کو ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ نہ کیا گیا تو وہ دنیا کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گی۔ چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نے کہا کہ والدین اور اساتذہ بچوں کی بنیاد مضبوط بنانے میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اگر وہ اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے نبھائیں تو نئی نسل کو ایک روشن مستقبل دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور اگر انہیں معیاری تعلیم اور خواندگی کے بہتر مواقع مل جائیں تو یہ نوجوان پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔صدر ڈسٹرکٹ بار نے اس موقع پر وکلاء برادری کو بھی پیغام دیا کہ وہ سماج میں خواندگی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلقات قائم رکھیں تاکہ نئی نسل میں قانون، انصاف اور شعور کے جذبات کو اجاگر کیا جا سکے۔