افغانستان زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 2,200 سے زیادہ ہوگئی، لاکھوں متاثر

یو این پیر 8 ستمبر 2025 11:45

افغانستان زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 2,200 سے زیادہ ہوگئی، لاکھوں متاثر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 08 ستمبر 2025ء) افغانستان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2,200 سے تجاوز کر گئی ہے جہاں اس آفت سے 263,000 بچوں سمیت پانچ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جن کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

اتوار کو مشرقی صوبے ننگر ہار اور کنڑ میں 6 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد اس کے ثانوی جھٹکے بھی محسوس کیے گئے جن کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے اور امدادی ٹیموں کا کام متاثر ہوا۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے کہا ہے کہ مستقبل میں زلزلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کو محدود رکھنے کے لیے ملک میں مضبوط گھروں کی تعمیر ضروری ہے جس کے لیے عالمی برادری کو وسائل مہیا کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے کہا ہے کہ صوبہ کنڑ کے علاقے چاکے اور نورگل میں راستے بند ہونے کے باعث کئی متاثرہ علاقوں تک رسائی نہیں ہو سکی۔ سڑکیں کھولنے کے لیے ان جگہوں پر بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے جس کے بعد امید پیدا ہوئی ہے کہ ان جگہوں تک رسائی جلد بحال ہو جائے گی۔

زلزلے کے نتیجے میں مجموعی طور پر پانچ ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں بعض مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

خواتین کا غیرمتناسب نقصان

اقوام متحدہ کے ادارہ مساکن (یو این ہیبیٹٹ) نے کہا ہے کہ زلزلے نے ایسے وقت پر اور ان علاقوں میں تباہی مچائی ہے جہاں حالیہ دنوں پاکستان اور ایران سے بڑی تعداد میں واپس آنے والے مہاجرین اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے کوشاں ہیں۔

ادارے کی نمائندہ سٹیفنی لوز نے دارالحکومت کابل میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں آئے روز زلزلے آ رہے ہیں جن کے نتیجے میں پہاڑی تودے گرنے سے دور دراز علاقوں تک رسائی اور بھی مشکل ہو گئی ہے۔

زلزلے سے خواتین اور لڑکیاں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں جنہیں کڑے قوانین کے باعث اپنے گھروں سے اکیلے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ان میں سے بہت سے خواتین، ثقافتی روایات یا حکام کی عائد کردہ پابندیوں کے باعث اپنے گھروں سے نکل نہیں سکیں۔ ملک میں خواتین ڈاکٹروں کی بھی کمی بھی ہے اسی لیے موجودہ حالات میں زلزلے سے متاثرہ بہت سی خواتین کو ضروری طبی مدد دستیاب نہیں ہے۔