ملک بھر میں خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر

پیر 8 ستمبر 2025 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ملک کے مختلف حصوں میں خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق انسداد پولیو مہم یکم تا 7 ستمبر تک ملک کے مخصوص اضلاع میں جاری رہی۔ این ای او سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق مہم کے دوران مقررہ ہدف کے 99 فیصد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے، پنجاب میں گزشتہ ہفتے کی مہم کے دوران 40 لاکھ 4 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے جبکہ سندھ میں 86 لاکھ 40 ہزار بچوں کو اور بلوچستان میں 22 لاکھ 8 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔

این ای او سی کے حکام نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 40 لاکھ 13 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد 4 لاکھ 78 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 12 ہزار بچوں پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں 1 لاکھ 64 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔

انہوں نےوالدین، سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیو ورکرز کے بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکار قوم کے ہیروز ہیں، پولیو ورکرز کی انتھک محنت کے نتیجے میں، گزشتہ ہفتے ملک بھر میں ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے جبکہ جنوبی خیبرپختونخوا، باجوڑ اور اپر دیر میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم 15 ستمبر سے شروع ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران جنوبی خیبر پختونخوا، باجوڑ اور اپر دیر میں 16 لاکھ 85 ہزار بچوں کو پولیو کی قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے والدین اور کمیونٹی سے اپیل ہے کہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔پولیو ٹیم سے رابطے کے لیے 1166 پر کال کریں یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیجیں۔