باغ، 1947میجر ریٹائرڈ سردار اعظم خان نے جنگ آزادی کشمیر اور پاک بھارت جنگ میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور دشمن افواج کو نقصان پہنچایا، مقررین کا خطاب

پیر 8 ستمبر 2025 17:02

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) آزاد کشمیر کے پہلے ڈبل ستارہ جُرات اور شیرجنگ ایوارڈ یافتہ عظیم سپوت، میجر ریٹائرڈ سردار اعظم خان کی یادگار کی افتتاح کے بعد پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاک آرمی کے میجر صدام تھے تقریب کی صدارت چیئرمین یونین کونسل دھڑے سردار شاہ زمان نے کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میجر ریٹائرڈ سردار اعظم خان کی عسکری خدمات تاریخ کا ایک روشن باب ہیں۔

انہوں نے 1947-48 کی جنگ آزادی کشمیر اور 1965 کی پاک بھارت جنگ میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور دشمن افواج کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ ان کی بہادری اور قربانیاں کشمیری عوام اور پاک فوج کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ تقریب سے مرحوم کے پوتے ولید خالد،سردار محمود حیات،سردار جہانگیر چغتائی،ڈاکٹر قاری رمضان خان،قاری راشد،سردار انور خان ریٹائرڈ اسسٹنٹ کمشنر،عبدالحسین ضیاء،افتخار ایڈووکیٹ،خان امتیاز خان،سردار حفیظ،افتخار گلزار،ڈاکٹر غفار خان،مختار خان،خورشید کیانی،اظہر شاہ،عباس چغتائی،مولانا سرفراز احمد صدیقی،قاری مقصود،قاری شاہد اشرف،فیاض ایڈووکیٹ،قاری رحمت کیانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے،اس موقع پریادگار کا افتتاح بھی کیاگیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میجر سردار اعظم خان نے اپنی جرات و شجاعت سے نہ صرف کشمیری عوام کا نام روشن کیا بلکہ پاکستان کی عسکری تاریخ میں سنہری حروف سے اپنا نام درج کرایا۔

(جاری ہے)

ان کی خدمات پر انہیں صدر پاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان نے اپنے دستِ مبارک سے اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔تقریب کے آغاز میں پاک فوج کے جوانوں نے پرچم کشائی کی، بعدازاں مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میجر سردار اعظم خان جیسے غیور سپوتوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے نقشِ قدم پر چل کر نئی نسل وطن عزیز کے دفاع کو مزید مضبوط بنائے گی۔\378