حضور سرور کونین سے محبت و اطاعت اور خلق عظیم ہماری زندگی کے روشن مینار ہونے چاہیں، علامہ عبدالله ناصر مدنی

پیر 8 ستمبر 2025 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) حضور سرور کونین کی زندگی کا ایک ایک لمحہ، ان کے فرمودات، خصائل اور شمائل ، انکی عادات و اطوار ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں ان سے صرف جذباتی محبت نہیں بلکہ اطاعت کی برکھا برسانا ہمارے لئے بہترین عمل ہے ۔ صحابہ کرام کی ہر جماعت نے آپ ﷺ کے ہر ہر عمل کو اپنے لئے زندگی کا گوہر نایاب سمجھا اور اس پر دیوانہ وار عمل کیا ۔

صحابہ کرام کی وہی عملی زندگی رہتی دنیا تک انہیں زندہ و جاوید بنا گئی ۔ ان خیالات کا اظہار سیرت النبی ﷺ انسائیکلو پیڈیا کے مصنف اور اہل حدیث جماعت کے ممتاز مبلغ علامہ عبدالله ناصر مدنی نے اہل حدیث یوتھ فورس حلقہ ملیر کے تحت جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان کی مرکزی جامع مسجد عمر فاروقؓ ملیر کراچی میں ایک روزہ ’’ شان ِ رسالت ﷺ کانفرنس ‘‘ سے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کیا جبکہ اس کانفرنس سے نوجوان انقلابی شخصیت مولانا ابراہیم خلیل امام و خطیب جامع مسجد گلشن غزالی ملیر کراچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانان عالم کی قرآن مجید سے والہانہ محبت اور محمد ﷺ کے اوصاف حمیدہ پر عمل کرنا ہماری حقیقی پہچان ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر مذاہب کے مورخین اور قلم کار انگریز، ہندو و دیگر نے آپ ٴْﷺ کی عظیم شخصیت کو دنیا کی VVIP 99 شخصیات پر لکھی گئی کتاب کے ٹائٹل پر آپ ﷺ کا نام سب سے اوپر تحریر کیا ۔ کانفرنس سے ادارہ قرآن و سنت کے بانی ممبر اور مرکزی رہنما محمد اشرف قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کائنات کے امام اور پیغمبر انقلاب کا محمدی انقلاب دنیا کے سارے انقلابات سے اعلیٰ اور افضل ہے اس لئے محمدی انقلاب دنیا میں قیامت کی دہلیز تک باقی رہیگا باقی سارے انقلابات آئے اور اپنی مدت پوری کر کے خس و خاشاں کی طرح مٹ گئے ۔

کانفرنس میں نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل سندھ مولانا سید عامر نجیب ، ممتاز عالم دین محمدسلیمان چنگوانی ، الشیخ حافظ فہد افضال سلفی ، حامد حقانی سمیت صدر اہل حدیث یوتھ فورس چوہدری خالد ادریس گجر و دیگر عہد یدران نے کانفرنس میں شرکت کی ۔ کانفرنس کے اختتام پر جامع مسجد عمر فاروق کے امام و خطیب اور مدیر الجامعہ حفصہ للبنات ولبنین حافظ محمد نعیم راشد نے مسجد ہذا اور مدرسہ ہذا کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس مسجد و مدرسہ سے دور دور تک آبادیاں ناپید تھیں لیکن اب اس مسجد کے گرد نواح میں آبادیوں کا جھرمٹ آباد ہو گیا ہے اور اب الحمد لله مسجد ہذا میں Round the Clock (24 Hours) شب و روز فہم دین شارٹ کورسز ، حفظ و ناظرہ کے طلباء و طالبات کی الگ الگ کلاسز کو دیکھ کر اور قرآن و حدیث کی گونج کو سن کر میں اور میری مسجد کے نمازی حضرات باغ باغ ہوجاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ روز محشر ہمیں قرآنی پڑھائی ، قرآن کو ناظرہ و حفظ کرنا ، روزہ رکھنا ، زہد و تقوی اور عربی زبان ہی کام آئیگی جس کے لئے ہم ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں ۔ کانفرنس کے اختتامی کلمات تشکر ادا کرنے کے بعد علامہ عبدالله ناصر مدنی نے تفصیلی رقت آمیز دعا کروائی جبکہ کانفرنس میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔